امریکی وزیر خارجہ کی سعودیہ آمد، شاہ سلمان سے ملاقات

ویب ڈیسک  پير 24 جون 2019
مائیک پومپیو سعودی عرب کے بعد متحدہ عرب امارات اور بھارت کے دورے پر جائیں گے۔ فوٹو : اے ایف پی

مائیک پومپیو سعودی عرب کے بعد متحدہ عرب امارات اور بھارت کے دورے پر جائیں گے۔ فوٹو : اے ایف پی

 واشنگٹن: امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو ایران کے خلاف عالمی اتحاد کے قیام کے لیے بین الاقوامی دوروں کے سلسلے میں آج سعودی عرب پہنچ گئے جہاں ان کی شاہ سلمان اور ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقاتیں ہوئیں۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے تناظر میں امریکی وزیر خارجہ ایران کے خلاف عالمی اتحاد کے قیام کے لیے سعودی عرب پہنچ گئے جہاں انہوں نے سعودی فرمانروا شاہ سلمان اور ولی عہد محمد بن سلمان سے الگ الگ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔

امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو سعودی عرب کے دورے کے بعد متحدہ عرب امارات بھی جائیں گے جبکہ اُن کا اگلا پڑاؤ بھارت ہوگا، بعد ازاں وہ G-20 سمٹ میں شرکت کریں گے اور صدر ٹرمپ کے وفد میں شامل ہوجائیں گے۔

سعودی عرب روانگی سے قبل مائیک پومپیو نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ مشرق وسطیٰ کے دورے کے دوران ایران کے خلاف عالمی اتحاد قائم کرنے کی کوششیں کریں گے جس کے لیے وہ دیگر ممالک سے رابطے ہیں تا کہ اسٹریٹیجک بنیاد پر عالمی اتحاد ممکن ہو سکے۔

مائیک پومپیو جی ٹوئنٹی سمٹ کے دوران صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو مشرق وسطیٰ اور بھارت کے دورے سے متعلق رپورٹ پیش کریں گے جس کے بعد امریکی صدر جاپان اور بعد ازاں جنوبی کوریا جائیں گے تاکہ ایران کیخلاف کسی بھی قسم کی کارروائی کے لیے اپنے حلیفوں کو اعتماد میں لے سکیں۔

یہ خبر بھی پڑھیں : امریکی فورسز کا ایران کے میزائل سسٹم پر سائبر حملہ

واضح رہے کہ امریکی ڈرون گرائے جانے پر پہلے ردعمل میں امریکی صدر نے ایران کیخلاف فوجی کارروائی کا حکم دیا تھا تاہم یہ حکم واپس لے لیا تھا اور عسکری کارروائی کے بجائے ایرانی میزائل سسٹم پر سائبر حملے کیے گئے تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔