ایتھوپیا؛ بغاوت میں ملوث فوجی جنرل سیکیورٹی فورسز کے ہاتھوں قتل

ویب ڈیسک  پير 24 جون 2019
ایتھوپیا کی 9 ریاستوں میں فوجی بغاوت کی گئی تھی جسے ناکام بنادیا گیا (فوٹو : فائل)

ایتھوپیا کی 9 ریاستوں میں فوجی بغاوت کی گئی تھی جسے ناکام بنادیا گیا (فوٹو : فائل)

ادیس ابابا: ایتھوپیا میں فوجی بغاوت کی سازش تیار کرنے والے مرکزی کردار جنرل اسامنیو تسیگے کو وزیراعظم کے حامی سیکیورٹی فورسز کے اہلکاروں نے گولیاں مار کر ہلاک کر دیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق افریقی ملک ایتھوپیا کی 9 ریاستوں میں کی گئی ناکام فوجی بغاوت پر کافی حد تک قابو پالیا گیا ہے، حکومت کے حامی سیکیورٹی فورسز کے اہلکاروں نے فوجی بغاوت کے مرکزی کردار جنرل اسامنیو تسیگے کو قتل کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

وزیراعظم آبے احمد نے آج میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ فوجی بغاوت کی سازش ایک بریگیڈیئر رینک کے افسر نے تیار کی تھی جسے آج سیکیورٹی فورسز نے ایک کارروائی کے دوران گولی مار کر ہلاک کردیا، حالات مکمل طور حکومت کے کنٹرول میں ہیں اور معمولات زندگی کو بحال کیا جا رہا ہے۔

افریقی ملک ایتھوپیا کی 9 ریاستوں میں 2 روز قبل فوجی بغاوت کی کوشش کی گئی تھی جس کے دوران چیف آف آرمی اسٹاف کو اُن کے محافظ نے دفتر میں گولی مار کر قتل کردیا تھا تاہم وزیراعظم کے حامی سیکیورٹی فورسز کے اہلکاروں نے فوجی بغاوت کو کچل دیا تھا۔

واضح رہے کہ جنرل اسامنیو تسیگے کو اس قبل بھی فوجی بغاوت کے جرم میں گرفتار کیا گیا تھا اور حال ہی میں وہ اپنی سزا پوری کرکے بحال ہوئے تھے، جنرل اسامنیو تسیگے کے حامیوں نے فوجی بغاوت کی کوشش کے دوران چیف آف آرمی اسٹاف سمیت 5 اعلیٰ افسران کو قتل کیا جب کہ ریاستی گورنر سمیت دو سیاست دان بھی باغیوں کے ہاتھوں قتل ہوئے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔