ملک میں اگر کوئی سرٹیفائیڈ نااہل ہے تو وہ ہے نوازشریف، مراد سعید         

ویب ڈیسک  پير 24 جون 2019
سپریم کورٹ نے سندھ کو کرپٹ ترین صوبہ قرار دیا، مراد سعید   

سپریم کورٹ نے سندھ کو کرپٹ ترین صوبہ قرار دیا، مراد سعید   

اسلام آباد: وفاقی وزیرمراد سعید کا کہنا ہے کہ ملک میں اگر کوئی سرٹیفائیڈ نااہل ہے تو وہ نوازشریف ہے جس نے ریڈیو، ائیر پورٹ سمیت سارا پاکستان گر وی رکھ دیا۔

قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے وفاقی وزیربرائے مواصلات مراد سعید نے کہا کہ سندھ میں سب سے زیادہ عوام غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزارتے ہیں، تھر سمیت 50 فیصد بچے سندھ میں غذائی قلت کا شکار ہوئے، سندھ میں بچے خوراک سے مر رہے ہیں کیا وہ کسی کے بچے نہیں اور تھر میں 104ارب پانی پر خرچ کرنے کا دعوی کیا گیا لیکن ملک کا پیسہ فالودے والے کے اکاؤنٹ میں جا رہا تھا، پیپلزپارٹی نے عوام سے روٹی، کپڑا اور مکان چھینا، سپریم کورٹ نے بھی سندھ کو کرپٹ ترین صوبہ قرار دیا۔

مراد سعید نے کہا کہ سابق حکومت نے ریڈیو، ائیر پورٹ سمیت سارا پاکستان گر وی رکھ دیا، اس لیے ہمیں قرض لینا پڑا اور نوازشریف کا ایک دورہ عمران خان کے 6 دوروں سے مہنگا تھا، نواز شریف نے اپنے دور میں 110 کروڑ سے زائد بیرونی دورے کیے تھے اور صرف اپنے کاروبار کو بڑھانے کی بات کرتے رہے ہیں اور جب خان آیا تو اس نے بیرونی دوروں میں صرف ایک بات کی کہ میرے مزدور کا خیال رکھنا، یہ میرے دل کے بہت قریب ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان قطر گئے وہاں انہوں نے پاکستان میں سرمایہ کاری کی بات کی، 300 پاکستانیوں کو طیارہ بھیج کر ملائشیا سے واپس منگوایا، او آئی سی میں وزیراعظم کی بہت پذیرائی ہوئی جب کہ ملک میں اگر کوئی سرٹیفائیڈ نااہل ہے تو وہ ہے نوازشریف، نواز شریف کے بچے بھی جہاز استعمال کرتے تھے، رائیونڈ گھر کی سکیورٹی کیلئے 100 کروڑ سے زائد خرچ کیے گئے، ان کا نعرہ تھا “کھاتا ہے تو لگاتا بھی ہے۔ مراد سعید کا کہنا تھا کہ مریم نواز نے نوازشریف کی ساری بیماریاں گنوائیں اور کہا علاج باہر ہے، یہ ایک ایسا اسپتال نہیں بنا سکے جہاں ان کا علاج ہو سکے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔