پشاور، ہشت نگری میں پولیس اسٹیشن کے اندر دھماکا، 5 پولیس اہلکاروں سمیت 7 افراد زخمی

ویب ڈیسک  جمعـء 6 ستمبر 2013
سیکیورٹی فورسز نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیئے۔فوٹو: ایکسپریس

سیکیورٹی فورسز نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیئے۔فوٹو: ایکسپریس

پشاور:  ہشت نگری میں پولیس اسٹیشن کے اندر دھماکے کے نتیجے میں 5 پولیس اہلکاروں سمیت 7 افراد زخمی ہو گئے۔

دھماکا اتنا شدید تھا کہ اس کی آواز دور دور تک سنی گئی اور علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا، دھماکا پولیس اسٹیشن میں کھڑی ایک موٹر سائیکل میں ہوا اور اس کے نتیجے میں 5  پولیس اہلکاروں سمیت 7 افراد زخمی ہو گئے جنہیں طبی امداد کے لئے لیڈی ریڈنگ اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ دھماکے کے بعد پولیس اسٹیشن کے اندر آگ لگ گئی اور فائر بریگیڈ کی ٹیموں نے جائے حادثہ پر پہنچ کر آگ پر فوری قابو پا لیا۔ دھماکے کے وقت پولیس اسٹیشن کے اندر 50 سے زائد پولیس اہلکار موجود تھے۔

سیکیورٹی فورسز نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیئے جب کہ بم ڈسپوزل اسکواڈ کا عملہ پولیس اسٹیشن میں کسی اور بم کی موجودگی کے شبہ کے حوالے سے پولیس اسٹیشن کی تلاشی لے رہا ہے۔

اے این پی کے رکن قومی اسمبلی غلام احمد بلور نے پولیس اسٹیشن کا دورہ کیا اور کہا کہ پولیس اسٹیشن کے اندر کسی موٹر سائیکل یا گاڑی کا جانا سیکیورٹی کی ناکامی ہے، انہوں نے کہا کہ عمران خان سے پوچھا جائے کہ طالبان سے مذاکرات کب ہوں گے ساتھ ہی ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی جانب سے 9 ستمبر کو بلائی گئی آل پارٹیز کانفرنس میں اے این پی کی نمائندگی حاجی عدیل کریں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔