کرکٹ کے پرانے ’دشمن‘ آج لارڈز میں ٹکرائیں گے

اسپورٹس ڈیسک  منگل 25 جون 2019
کینگروز بھی حساب چکتا کرنے کیلیے بے چین،موسم ابر آلود، بارش کا خطرہ موجود۔ فوٹو: فائل

کینگروز بھی حساب چکتا کرنے کیلیے بے چین،موسم ابر آلود، بارش کا خطرہ موجود۔ فوٹو: فائل

 لندن:  انگلینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان ورلڈ کپ میچ آج کھیلا جائے گا۔

فیورٹ انگلینڈ نے ورلڈ کپ مہم کا آغاز 5 میں سے 4 میچز میں کامیابی سے کیا، اس دوران اسے صرف پاکستان کے ہاتھوں شکست ہوئی تاہم گذشتہ جمعے کو سری لنکا سے 20رنز کی حیران کن ناکامی نے میزبان سائیڈ کو تھوڑا سا گھبرانے پر مجبور کردیا ہے، وہ اب ایونٹ کے مشکل ترین مرحلے میں داخل ہورہی ہے جہاں پر مقابلہ مضبوط ترین ٹیموں سے ہونا ہے، اس کا آغاز آسٹریلیا کیخلاف میچ سے ہوگاجس میں لازمی فتح درکار ہے۔

جیسن روئے ہیمسٹرنگ انجری کے باعث بدستور سائیڈ لائن ہیں، ٹاپ آرڈر پر ان کی کمی ٹیم کو محسوس ہوسکتی ہے۔ دوسری جانب آسٹریلیاکی فتوحات میں ان فارم اوپنرز اور اسٹرائیک بولرز اہم کردار ادا کررہے ہیں، کینگروز 6 میں سے 5 میچز جیت چکے، مارکس اسٹوئنس کی واپسی نے ٹیم کو مزید متوازن کیا ہے، آل راؤنڈر نے بنگلہ دیش کے خلاف گذشتہ میچ میں 54 رنز کے عوض 2 وکٹیں بھی لی تھیں۔

باہمی مقابلوں میں آسٹریلیا کا پلڑہ بھاری تاہم میزبان سائیڈ کو حالیہ عرصے میں حریف پر بہرحال تھوڑی سی برتری حاصل ہے جو اس کے خلاف گذشتہ 10 میں سے 9 میچز جیت چکی ہے، اسی لیے کینگروز اب حساب کتاب چکتا کرنا چاہتے ہیں۔ انگلش توقعات کا محور جوز بٹلر ہوں گے جنھوں نے آسٹریلیا کے خلاف آخری میچ میں 110 رنز کی فتح گر ناقابل شکست اننگز کھیلی تھی۔

دوسری جانب آسٹریلیا کو اپنے ان فارم کپتان ایرون فنچ سے بہتر کارکردگی کی توقع ہے، وہ اب تک 6 میچز میں 396 رنز بناچکے ہیں، ڈیوڈ وارنر بھی اچھی فارم میں ہیں۔ منگل کو دن کا آغاز آسمان پر بادلوں کی موجودگی سے ہوگا بعد میں موسلادھار بارش بھی ہوسکتی ہے،اس وجہ سے مقابلے کے تاخیر سے شروع ہونے کے امکان کو رد نہیں کیا جا سکتا۔

لارڈز میں گذشتہ 4 میں سے 3 میچز میں پہلے بیٹنگ کرنے والی سائیڈز کو فتح حاصل ہوئی،اسی لیے ٹاس کا کردار اہم ہوگا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔