اسٹاک مارکیٹ کی لسٹڈ کمپنیوں کی آمدنی میں ریکارڈ اضافہ

احتشام مفتی  منگل 25 جون 2019
2018 میں ایک لیزنگ کمپنی کے اضافے سے لیزنگ کمپنیوں کی مجموعی تعداد بڑھ کر 8 ہوگئیں، رپورٹ۔فوٹو: فائل

2018 میں ایک لیزنگ کمپنی کے اضافے سے لیزنگ کمپنیوں کی مجموعی تعداد بڑھ کر 8 ہوگئیں، رپورٹ۔فوٹو: فائل

کراچی: پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں لسٹڈ مضاربہ، لیزنگ اورانویسٹمنٹ فنانس سروس کمپنیوں کی سال2018 کے دوران آمدنی میں اضافہ ریکارڈ کیاگیا ہے۔

این بی ایف آئی اینڈ مضاربہ ایسوسی ایشن آف پاکستان کی سالانہ رپورٹ کے مطابق 2018 کے دوران ایک مضاربہ کمپنی کے اضافے سے پی ایس ایکس میں مضاربہ کمپنیوں کی تعداد بڑھ کر 26 ہوگئی جن کے اداشدہ سرمائے کی مجموعی مالیت 12 ارب 7 کروڑ 50 لاکھ سے بڑھ کر 13 ارب 26 کروڑ 80 لاکھ روپے ہو گئی۔

2018 میں مضاربہ کمپنیوں کی سرمایہ کاری 3 ارب 35 کروڑ سے گھٹ کر3 ارب 28 کروڑ روپے، آمدنی 7 ارب 2 کروڑ روپے سے بڑھ کر 10 ارب 24 کروڑ روپے اور خالص آمدنی ایک ارب 57کروڑ روپے سے گھٹ کر 77 کروڑ 60 لاکھ روپے ہو گئی۔ سال2018 میں مضاربہ کمپنیوں نے اپنے حصص یافتگان کوجاری کردہ ڈیوڈنڈ کی مالیت میں اضافہ ہوا۔ ان کمپنیوں نے سال2017کی ایک ارب9کروڑ کی نسبت ایک ارب 13 کروڑ 30 لاکھ روپے کے ڈیویڈنڈ جاری کیے۔

رپورٹ کے مطابق2018 میں ایک لیزنگ کمپنی کے اضافے سے لیزنگ کمپنیوں کی مجموعی تعداد بڑھ کر 8 ہوگئیں جن کے ادا شدہ سرمائے کی مجموعی مالیت4ارب31کروڑ سے بڑھ کر 5 ارب 83 کروڑ روپے ہوگئی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔