ہریتھک کی بہن کی مسلمان سے محبت نے روشن خاندان کا دوغلا پن ظاہر کردیا

ویب ڈیسک  منگل 25 جون 2019
کسی کو اس کے مذہب کی بنیاد پرانتہا پسند قرار دینا وحشیانہ اورقابل مذمت ہے۔ روہیل امین فوٹوفائل

کسی کو اس کے مذہب کی بنیاد پرانتہا پسند قرار دینا وحشیانہ اورقابل مذمت ہے۔ روہیل امین فوٹوفائل

ممبئی: نامور بالی ووڈ ہدایت کار راکیش روشن اور اداکار ہریتھک روشن کی بہن سنینا روشن کے مسلمان بوائے فرینڈ روہیل امین نے اس بات پر حیرانی کا اظہار کیا ہے کہ روشن فیملی ان کے مسلمان ہونے پر ان کی اور سنینا کی محبت کے خلاف ہے۔

بالی ووڈ کی مقبول ترین روشن فیملی کے ذاتی جھگڑے ان دنوں میڈیا کی زینت بنے ہوئے ہیں اور لوگ روشن فیملی کے دوغلے پن پر دانتوں میں انگلیاں دبائے بیٹھے ہیں۔ دراصل یہ قصہ چند روز پہلے شروع ہوا جب نامور بالی ووڈ ہدایت کار راکیش روشن اور اداکار ہریتھک روشن کی بہن سنینا روشن نے ایک انٹرویو کےدوران اپنے خاندان کے دوغلے پن سے پردہ اٹھاتے ہوئے کہا کہ ایک مسلمان شخص سے محبت کی وجہ سے نہ صرف ان کے گھروالوں نے ان کی زندگی جہنم بنادی ہے بلکہ ان کے والد نے ان پر ہاتھ بھی اٹھایا ہے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: مسلمان شخص سے محبت کرنے پرگھروالوں نے زندگی جہنم بنادی، بہن ہرتھیک روشن

سنینا کے والد ہی نہیں بلکہ ان کے بھائی ہریتھک روشن بھی ان کے مسلمان شخص سے محبت کرنے کے خلاف ہیں اور ان کی مدد کا وعدہ کرنے کے باوجود ان کے بھائی نے ان کی  مدد نہیں کی۔ اس معاملے میں سنینا کا موقف تو سامنے آگیا تھا تاہم اب ان کے مسلمان بوائے فرینڈ روہیل امین جو پیشے کے اعتبار سے صحافی ہیں ان کا موقف بھی سامنے آیا ہے۔

روہیل امین نے ایک انٹرویو کے دوران اس بات پر حیرانی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کسی کو اس کے مذہب کی بنیاد پرانتہا پسند قرار دینا وحشیانہ اورقابل مذمت ہے۔ ہمیں اس طرح کی ذہنیت سے باہر نکلنا ہوگا، اور سب سے ضروری بات ہمیں اس طرح کی سوچ رکھنے والوں کے خلاف کھڑا ہونا ہوگا۔ وہ یہ جان کر سکتے میں آگئے کہ سنینا کی فیملی صرف اس وجہ سے ان کے خلاف ہے کہ وہ مسلمان ہیں اور ان کے ہم مذہب نہیں ہیں۔

واضح رہے کہ اپنی بیٹی کو مسلمان شخص سے محبت کرنے کی سزا دینے والے راکیش  روشن کی بہو اور ہریتھک روشن کی سابق بیوی سوزان خان کا تعلق بھی ایک مسلم فیملی سے ہے۔ ہرتھیک روشن نے سوزان خان سے 2000 میں شادی کی تھی اور دونوں کی شادی 14 برس تک قائم رہنے کے بعد 2014 میں ختم ہوگئی تھی دونوں کے 2 بیٹے ہیں جو اپنے والد کے ساتھ رہتے ہیں۔ تاہم ہریتھک اور ان کی بیوی کے درمیان مذہب کے نام پر اختلافات کبھی میڈیا کی زینت نہیں بنے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔