دنیا کی سب سے طویل سلائیڈ جہاں آپ مسلسل چار منٹ تک پھسلتے رہیں گے

ویب ڈیسک  بدھ 26 جون 2019
ملائیشیا میں دنیا کی سب سے بڑی واٹر سلائیڈ اب تکمیل کے آخری مراحل میں ہے۔ فوٹو : اوڈٹی سینٹرل

ملائیشیا میں دنیا کی سب سے بڑی واٹر سلائیڈ اب تکمیل کے آخری مراحل میں ہے۔ فوٹو : اوڈٹی سینٹرل

ملائیشیا: پہاڑوں اور جنگلوں کے درمیان خوبصورتی سے قائم کی جانے والی دنیا کی طویل ترین واٹر سلائیڈ اس وقت ملائیشیا میں تکمیل کے آخری مراحل میں ہے۔

ایک گھنے جنگل میں بنائی گئی اس واٹر رائیڈ کی لمبائی 1,140 میٹر ہے جس کے ایک سرے پر بیٹھ کر آپ مسلسل چار منٹ تک سلائٰیڈ سے لطف اندوز ہوسکتے ہیں۔ صرف ایک ماہ بعد اگست میں یہ عوام کے لیے کھول دی جائے گی۔

گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کے تحت دنیا کی اب تک سب سے طویل واٹر سلائیڈ نیوجرسی کے ایکشن پارک میں ہے جس کی لمبائی 605 میٹر ہے۔ لیکن اب ملائیشیا کی ریاست پینانگ میں اس سے بھی طویل سلائیڈ زیرِ تعمیر ہے جس کا 65 فیصد حصہ مکمل ہوچکا ہے اور اگست تک اسے مکمل کرلیا جائے گا۔

شائقین سلائیڈ پر پھسلتے ہوئے ایک خوبصورت گھنے جنگل سے گزریں گے اور چار منٹ تک پھسلی کے مزے لیتے ہوئے ایک برے سوئمنگ پول میں اتریں گے۔ یہ سلائیڈ اتنی اونچی ہے کہ اس کے پہلے سرے سے پورا پارک دکھائی دیتا ہے۔ کمپنی کے مطابق ان کا مقصد تفریح ہے نہ کہ کوئی ریکارڈ بنانا ہے۔

سلایڈ بناتے دوران درختوں اور قدرتی ماحول کا خیال رکھنا ہی ایک سب سے بڑا چیلنج تھا۔ یہی وجہ ہے کہ کوئی درخت نہیں کاٹا گیا اور کئی جگہ انہیں بچانے کے لیے سلائیڈ کو موڑا گیا ہے۔ اسی طرح پانی پہنچانے کے لیے بھاری مشینری کی بجائے قدرتی ذرائع استعمال کیے گئے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔