بے گھر شخص کی ’کیلے‘ کو پستول بنا کر بینک ڈکیتی

ویب ڈیسک  بدھ 26 جون 2019
ملزم نے ڈکیتی کرکے خود کو پولیس کے حوالے کردیا تاکہ مفت کا ٹھکانہ اور کھانا ملتا رہے۔ فوٹو : ٹویٹر

ملزم نے ڈکیتی کرکے خود کو پولیس کے حوالے کردیا تاکہ مفت کا ٹھکانہ اور کھانا ملتا رہے۔ فوٹو : ٹویٹر

 لندن: برطانیہ میں ایک بے گھر شخص نے پلاسٹک کی تھیلی میں کیلے کو لپیٹ کر پستول ظاہر کر کے بینک لوٹنے کی کوشش کی تاکہ گرفتاری کی صورت میں اسے رہنے کے لیے ٹھکانہ اور پیٹ بھرنے کو کھانا میسر آجائے۔ 

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق ایک شخص پلاسٹک کی تھیلی میں کیلا چھپا کر کلیز بینک کی ایک برانچ میں پہنچا اور کیشیئر کو ایسا ظاہر کیا جیسے تھیلی میں پستول میں ہو اور ایک ہزار پاؤنڈز سے زائد کی رقم لوٹ لی تاہم ملزم نے فوری طور پر پولیس اسٹیشن پہنچ کر گرفتاری دے دی۔

پولیس نے ملزم جیمز کو بعد ازاں بورنموتھ کراؤن کورٹ میں پیش کیا جہاں جج روبرٹ پا سن نے انہیں مجموعی طور پر 14 ماہ قید کی سزا سنائی جسے سن کر ملزم بہت خوش ہوا تاہم اسے افسوس رہا کہ 14 ماہ بعد رہنے کی جگہ اور مفت کے کھانے سے محروم ہوجائے گا۔

قبل ازیں ملزم کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ جیمز نے کسی شخص یا املاک کو نقصان نہیں پہنچایا، نا ہی وہ لوٹی گئی رقم کو استعمال میں لانا چاہتے ہیں اور انہوں نے وقوعہ کے فوری بعد خود گرفتاری دی اس لیے انہیں بری کردیا جائے۔

دوسری جانب پراسیکیوٹر نے دلیل دی کہ اس کے باوجود کہ ملزم نے خود کو فوری طور پر پولیس کے حوالے کردیا اور لوٹی گئی رقم بھی برآمد ہوگئی لیکن ملزم کی حرکت سے کیشیئر خوف زدہ ہو گیا اور یہ واقعہ بینک کے عملے اور صارفین کے لیے پریشانی کا باعث بنا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔