سابقہ پاکستانی ریکارڈز سے کیویز کی دھڑکنیں بے ترتیب

اسپورٹس ڈیسک  بدھ 26 جون 2019
ورلڈکپ کے8 میچز میں 2 کامیابیاں، ایجبسٹن گرین شرٹس کیلیے بدقسمت وینیو۔ فوٹو: فائل

ورلڈکپ کے8 میچز میں 2 کامیابیاں، ایجبسٹن گرین شرٹس کیلیے بدقسمت وینیو۔ فوٹو: فائل

برمنگھم:  پاکستان کیخلاف سابقہ ریکارڈ سے کیویز کی دھڑکنیں بے ترتیب ہونے لگیں جب کہ اب تک ورلڈ کپ میں نیوزی لینڈ کو پاکستانی ٹیم کے خلاف 8 میں سے صرف2کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں،۔

نیوزی لینڈ کی ٹیم جب بدھ کو گرین شرٹس کے خلاف میدان سنبھالے گی تو توجہ صرف سیمی فائنل میں جگہ پکی کرنے پر مرکوز ہوگی، مگر حریف کے خلاف میگا ایونٹ میں سابق ریکارڈ اسے پریشان بھی کیے ہوگا، اس وقت کین ولیمسن اور ان کی ٹیم بہترین فارم میں ہے، وہ 5 میچز جیت چکے جبکہ ایک بارش کی نذر ہوا۔

دوسری جانب پاکستان نے ابھی تک صرف 2 فتوحات پائیں اور 3 ناکامیاں ملیں،اس کا بھی ایک میچ موسم کی وجہ سے بے نتیجہ رہا۔ اگرچہ حالیہ ایونٹ میں دونوں ٹیموں کی فارم اور کلاس میں واضح فرق دکھائی دے رہا ہے مگر کیویز کا ورلڈ کپ میں پاکستان کے خلاف ریکارڈ انتہائی مایوس کن ہے۔

دونوں کے درمیان 8 میچز کھیلے گئے ان میں سے صرف 2 میں ہی کیویز فاتح رہے،ایک کامیابی 1983 کے میگا ایونٹ میں برمنگھم میں ہی حاصل ہوئی تھی جبکہ دوسری فتح2011 میں پالے کیلی میں نصیب ہوئی۔

ورلڈ کپ 2015  تک کھیلے گئے باقی 6 باہمی میچز میں نیوزی لینڈ کو شکست ہوئی، اس طرح ٹیم کی کامیابی کا تناسب 25 فیصد ہے، ورلڈ کپ میں کیویز نے جس بھی حریف سے کم سے کم 5 میچز میں مقابلہ کیا یہ ان کے مقابلے میں کہیں کم تناسب ہے۔

دوسری جانب نیوزی لینڈکیخلاف پاکستان کی 75 فیصد فتوحات تیسرا بہترین تناسب ہے،گرین شرٹس میگا ایونٹس میں سری لنکا اور زمبابوے کیخلاف بے داغ ریکارڈ کے حامل ہیں۔

اگر ورلڈ کپ سے ہٹ کر دیکھا جائے تو کیویز کی واضح بالادستی دکھائی دیتی ہے جو2015 کے شوپیس ایونٹ سے اب تک پاکستان سے کھیلے گئے ون ڈے میچز میں سے 80 فیصد میں کامیاب رہے۔

دریں اثناگذشتہ کچھ عرصے کے دوران باہمی مقابلوں میں گرین شرٹس کی کارکردگی مایوس کن رہی، آخری13ون ڈے میچز میں سے 12کیویز نے ہی جیتے ہیں۔

دوسری جانب ایجبسٹن کا ریکارڈ پاکستان کیلیے کچھ زیادہ اچھا نہیں ہے جہاں پر ٹیم گذشتہ 5 میچز میں صرف ایک فتح حاصل کرپائی جب 2017 کی چیمپئنز ٹرافی میں جنوبی افریقہ کو شکست دی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔