لورالائی میں پولیس لائن پر خود کش حملے میں اہلکار شہید، دو زخمی

ویب ڈیسک  بدھ 26 جون 2019
گیٹ پر تعینات پولیس گارڈ نے ایک خود کش بمبار کو ہلاک کر دیا،آئی ایس پی آر فوٹوفائل

گیٹ پر تعینات پولیس گارڈ نے ایک خود کش بمبار کو ہلاک کر دیا،آئی ایس پی آر فوٹوفائل

کوئٹہ: لورالائی میں پولیس لائن پر تین خودکش بمباروں کے حملے میں ہیڈ کانسٹیبل شہید اور دو اہلکار زخمی ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آج صبح تین خود کش بمباروں نے لورالائی پولیس لائن میں داخلے کی کوشش کی، تاہم پولیس لائن کے داخلی گیٹ پر خود کش بمباروں کوچیک کیاگیا، چیکنگ کے بعد گیٹ پر تعینات پولیس گارڈ نے ایک خود کش بمبار کو ہلاک کردیا جب کہ دو خود کش بمبار پولیس لائن کے اندرداخل ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

پولیس لائن میں داخل ہونے کے بعد ایک بمبار نے خود کو دھماکے سے اڑا دیا جب کہ دوسرا فورسز کی فائرنگ سے ماراگیا۔ فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں ہیڈ کانسٹیبل اللہ نواز شہید اور دو کانسٹیبل زخمی ہوگئے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایف سی اور پولیس کی کوئیک رسپانس ٹیم فوری موقع پر پہنچ گئی جب کہ سیکیورٹی فورسز نے علاقے کا گھیراؤ کرلیا، بعد ازاں سیکیورٹی فورسز نے پولیس لائن کو سرچ آپریشن کے بعد کلیئر کر دیا۔

واضح رہے کہ آج پولیس لائن میں پولیس فورس کے بی ون کے امتحان ہونے تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔