حکومت کواپوزیشن سے کوئی خطرہ نہیں، فردوس عاشق اعوان

ویب ڈیسک  بدھ 26 جون 2019
مولانا فضل الرحمان کے اس منصوبے کا نتیجہ وہی نکلے گا جو ان کے الیکشن ایڈونچرکا نکلا تھا، فردوس عاشق: فوٹو: فائل

مولانا فضل الرحمان کے اس منصوبے کا نتیجہ وہی نکلے گا جو ان کے الیکشن ایڈونچرکا نکلا تھا، فردوس عاشق: فوٹو: فائل

 اسلام آباد: معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ حکومت کو اپوزیشن سے کوئی خطرہ نہیں بلکہ اپوزیشن کو اپوزیشن سے خطرہ ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سایٹ ٹوئٹر پر وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ اے پی سی (آل پارٹیز کانفرنس) کی شاہکار فلم اسکرین پر آنے سے پہلے ہی اتر گئی، مفادات کی قیدی قیادت ہر مرتبہ مولانا کو بلا کر ان کی کرسی کھینچ لیتی ہے، مولانا صاحب سے دلی ہمدردی ہے کیونکہ اپوزیشن کے ناتواں کندھے ان کی سیاسی محرومی کا بوجھ اٹھانے کوتیارنہیں۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ حکومت کو اپوزیشن سے کوئی خطرہ نہیں بلکہ اپوزیشن کو اپوزیشن سے خطرہ ہے، اے پی سی کاٹھ کی ہنڈیا ہے جوبیچ چوراہے پھوٹے گی۔ مولانا فضل الرحمان کے اس منصوبے کا نتیجہ وہی نکلے گا جو ان کے الیکشن ایڈونچرکا نکلا تھا۔  ان کا مزید کہنا تھا کہ اے پی سی کی ناکامی کے بعد مولانا صاحب آئندہ چارسال کے لیے خود کو صرف دین کی خدمت کے لیے وقف کر دیں۔

واضح رہے کہ جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی قیادت میں اپوزیشن کی اے پی سی آج اسلام آباد میں ہوگی۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔