اپنے صبر کی بدولت کامیابی سے 5 سال مکمل کیے، صدر زرداری

نمائندہ ایکسپریس / اے پی پی  ہفتہ 7 ستمبر 2013
صدرمملکت کامنظوروٹوسے فون پررابطہ،اپنے دورہ دورہ لاہورپرگفتگو،کل پارٹی اجلاس بلالیا ۔ فوٹو : آئی این پی

صدرمملکت کامنظوروٹوسے فون پررابطہ،اپنے دورہ دورہ لاہورپرگفتگو،کل پارٹی اجلاس بلالیا ۔ فوٹو : آئی این پی

اسلام آ باد:  صدر مملکت آصف زرداری نے کہاہے کہ پاکستان اوراس کے عوام اپنے کشمیری بھائیوں کے حق خودارادیت کیلیے ان کی جدوجہدکی اخلاقی،سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے۔

وہ گزشتہ روزآزاد جموں و کشمیر کی قیادت کی جانب سے اپنے اعزاز میں دی گئی الوداعی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ انھوں نے کہاکہ کشمیریوں نے اپنے جائزاور قانونی مقصد کیلیے عظیم قربانیاں دی ہیں اور ان کی یہ قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔صدر آصف زرداری نے کہاکہ کشمیری عوام اوران کی قیادت کا کریڈٹ ہے کہ انھوں نے اپنے مقصد کیلیے جارحانہ کے بجائے سیاسی طریقے اختیار کیے ہیں۔ انھوں نے کشمیری بھائیوں کو پاکستان کی مسلسل حمایت کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہاکہ آنے والی نسلوں کو صبر و تحمل کا پیغام دینے کی ضرورت ہے۔

صدر مملکت نے اپنی مثال پیش کرتے ہوئے کہاکہ انھوں نے کامیابی کے ساتھ اپنی مدت صدارت مکمل کی ہے کیونکہ انھوں نے صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا اور اپنے مخالفین کے سیاسی حملوں کا کبھی جواب نہیں دیا۔ ایک ٹی وی کے مطابق صدرمملکت نے کہا کہ اپنے صبر کی بدولت کامیابی سے 5 سال مکمل کیے اور کبھی مخالفین کے سیاسی حملوں پر ردعمل کااظہار نہیں کیا۔تقریب میں آزاد جموں و کشمیر کے صدر سردار محمد یعقوب خان، وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر عبدالمجید چوہدری، راجاپرویز اشرف اور دیگر رہنما شریک تھے۔

وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری عبد المجید نے کہا کہ یوم دفاع پر صدرپاکستان کی کشمیر ہائوس آمدایک تاریخی دن ہے، یہ پاکستان کے استحکام اور اہل کشمیر کے ساتھ ان کی کمٹمنٹ کاعکاس ہے، میں گھڑی خدابخش کا مجاور ہوں اور اس پرمجھے فخر ہے، اس موقع پرانھوں نے صدر کو آزاد کشمیر کے دورے کی دعوت بھی دی۔صدر مملکت سے کل جماعتی حریت کانفرنس کے 35 رکنی وفدنے بھی ملاقات کی۔اس موقع پر صدر مملکت نے کہا کہ قوموں کی آزادی کی تحریک میں 50 ،100 سال کوئی اہمیت نہیں رکھتے، پیپلزپارٹی کے نزدیک کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے،کشمیریوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی،ان کو اپنا حق مل کر رہے گا۔صدر مملکت سے پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل آصف سندھیلہ ،رحمن ملک اور پی ایم ڈی سی کے وفد نے بھی ملاقات کی۔

صدر سے بحرین ، کویت ، متحدہ عرب امارات اور اومان کے سفیر بھی ملے ۔ صدر نے ان کے اعزاز میں ظہرانہ دیا۔ دریں اثنا صدر آصف علی زرداری کا گزشتہ روز پیپلزپارٹی پنجاب کے صدر میاں منظور وٹو سے ٹیلی فون پر رابطہ ہوا ، صدر نے انھیں اپنے آئندہ دورہ لاہور کے بارے میں آگاہ کیا، صدر مملکت نے پیپلزپارٹی کے رہنمائوں کا اجلاس بھی کل لاہور میں طلب کرلیا ہے جس میں پارٹی کی تشکیل نو سمیت آئندہ کی حکمت عملی طے ہونیک امکان ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔