پاکستان نے اہم میچ میں نیوزی لینڈ کو شکست دیدی

ویب ڈیسک  بدھ 26 جون 2019
میچ برمنگھم میں کھیلا جارہا ہے، فوٹو: سوشل میڈیا

میچ برمنگھم میں کھیلا جارہا ہے، فوٹو: سوشل میڈیا

برمنگھم: کرکٹ ورلڈکپ میں پاکستان نےنیوزی لینڈ کو 6 وکٹوں سے شکست کر سیمی فائنل کی راہ میں حائل ایک اور رکاوٹ عبور کرلی۔

ایونٹ کے اہم میچ میں گرین شرٹس نے ناقابل شکست بلیک کیپس کی جیت کے سلسلے کو بریک لگا کر فائنل فور کی جانب ایک اور قدم بڑھادیا، نیوزی لینڈ کے 238 رنز کے جواب میں بابر اعظم اور حارث سہیل نے 126 رنز کی قیمتی شراکت داری قائم کرکے ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔

بابر اعظم نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے سنچری اسکور کی اور ٹیم کی جیت میں کلیدی کردار ادا کیا جب کہ حارث سہیل نے بابر اعظم کا بھرپور ساتھ دیتے ہوئے 68 رنز کی بہترین اننگز کھیلی۔

ہدف کے تعاقب میں فخر زمان اور امام الحق پر مشتمل گرین شرٹس نے اننگز کا آغاز کیا تو تیسرے ہی اوور میں 19 رنز پر فخرزمان کیچ آؤٹ ہوگئے، انہوں نے 2 چوکوں کی مدد سے 9 رنز بنائے جب کہ 44 کے مجموعے پر امام الحق بھی چلتے بنے، وہ 19 رنز بنا سکے۔

ابتدائی نقصان کے بعد تجربہ کار حفیظ اور بابر اعظم نے 66 رنز کی پاٹنرشپ قائم کرکے مجموعے کو 110 تک پہنچایا، اس دوران بابر اعظم نے کیریئر کے 3 ہزار رنز مکمل کیے۔ محمد حفیظ 32 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔

چوتھی وکٹ پر بابر اعظم اور حارث سہیل نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 126 رنز کی شراکت داری قائم کرکے ٹیم کو جیت کے قریب پہنچایا جب کہ کپتان سرفراز احمد نے آخری اوور میں وننگ شارٹ کھیل کر ٹیم کی نہیہ کو پار لگایا۔ بابر اعظم نے 127 گیندوں پر 101 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، ایونٹ میں کسی بھی پاکستانی بیٹسمین کی یہ پہلی سنچری تھی۔ بابر اعظم کو بہترین کارکردگی پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے بولٹ، فرگوسن اور کین ولیمسن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

https://twitter.com/cricketpakcompk/status/1143876524980019200

اس سے قبل نیوزی لینڈ نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو اننگز کا آغاز مارٹن گپٹل اور کولن منرو نے کیا تاہم 5 کے مجموعی اسکور پر محمد عامر نے مارٹن گپٹل کو بولڈ کردیا جب کہ کچھ ہی دیر بعد شاہین آفریدی نے دوسرے اوپنر کولن منرو کو پویلین کی راہ دکھائی۔

شاہین آفریدی نے زبردست بولنگ کا مظاہرہ کیا اورچوتھے نمبر پر آنے والے راس ٹیلر کو بھی صرف 3 رنز پر آؤٹ کردیا، شاہین کی گیند پر سرفراز نے راس ٹیلر کا زبردست کیچ لیا جب کہ کچھ ہی دیر بعد شاہین آفریدی نے ٹام لیتھم کی وکٹ بھی حاصل کرلی۔

نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے پاکستانی بولرز کے خلاف مزاحمت کی کوشش کی اور 41 رنز بنائے تاہم وہ شاداب خان کی گیند پر سرفراز احمد کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔ بعد ازاں جیمز نیشان اور کولن گرینڈ ہوم نے ذمہ دارنہ بلے بازی کا مظاہرہ کیا جس کے سبب نیوزی لینڈ کی ٹیم 200 سے زائد اسکور کرنے میں کامیاب رہی۔

دونوں آل راؤنڈرز نے نہ صرف اپنی نصف سنچریاں اسکور کیں بلکہ جیمز نیشان نے کیریئر کی بہترین اننگز بھی کھیلی، وہ 97 رن پر ناٹ آؤٹ رہے۔ گرینڈ ہوم 64 رنز کی اننگز کھیل کر رن آؤٹ ہوئے۔ قومی ٹیم کی جانب سے شاہین آفریدی نے 3 جب کہ محمد عامر اور شاداب خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔