صحافی کے ساتھ بدسلوکی کرنے پرسلمان خان کے خلاف شکایت درج

ویب ڈیسک  بدھ 26 جون 2019
  سلمان خان نے موبائل چھین کر اسے توڑنے کی کوشش کی، صحافی کا الزام فوٹوفائل

سلمان خان نے موبائل چھین کر اسے توڑنے کی کوشش کی، صحافی کا الزام فوٹوفائل

ممبئی: بھارتی صحافی نے بدسلوکی کرنے پر بالی ووڈ کے دبنگ خان کے خلاف شکایت درج کرادی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ممبئی سے تعلق رکھنے والے صحافی اشوک ایس پانڈے نے بالی ووڈ کے سلطان سلمان خان اوران کے ماتحت وجے کے خلاف ممبئی کی عدالت میں شکایت درج کرائی ہے جس میں انہوں نے سلمان خان پرالزام لگاتے ہوئے کہا ہے کہ 24 اپریل کووہ اپنی کارمیں کیمرہ مین سید عرفان کے ساتھ جارہے تھے کہ انہوں نے سلمان خان کو سائیکل چلاتے ہوئے دیکھا اس وقت سلمان خان کے ساتھ ان کے ماتحت بھی موجود تھے۔

پانڈے نے سلمان خان کے ساتھ موجود افراد سے سلومیاں کی سائیکل چلاتے ہوئے ویڈیوبنانے کی اجازت مانگی جو انہیں دے دی گئی، لیکن جب انہوں نے سلمان خان کی ویڈیو بنانی شروع کی تو سلمان خان کو یہ اچھا نہیں لگا۔ سلمان خان کے تیوردیکھ کر ان کے ساتھ موجود افراد نے ان کی کار پر حملہ کردیا اورانہیں مارنا شروع کردیا۔

پانڈے نے کہا کہ سلمان خان بھی ان کے ساتھ شامل ہوگئے اور ان کا موبائل چھین کراسے توڑنے کی کوشش کی اوراس کے علاوہ موبائل سے سارا اہم ڈیٹا بھی ڈیلیٹ کردیا۔ جب پانڈے نے اس واقعے کے خلاف پولیس میں شکایت درج کرنے کی کوشش کی تو پولیس نے شکایت درج کرنے سے انکار کردیا۔

پولیس سے مایوسی کے بعد پانڈے نے ممبئی کے علاقے اندھیری میں میٹروپولیٹن مجسٹریٹ کی عدالت میں درخواست دائرکرتے ہوئے کہا کہ عدالت اس معاملے پرتفصیلی تحقیقات اورواقعے کے خلاف مناسب کارروائی کے لیے پولیس کوہدایت جاری کرے۔ اس معاملے کی سنوائی اگلے ماہ 12 تاریخ کوہوگی جس میں عدالت فیصلہ کرے گی کہ پولیس کو معاملے کی تحقیقات کے لیے ہدایت دی جائے یا ملزمان کو ثمن جاری کیا جائے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔