مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی جاری، ایک نوجوان شہید

ویب ڈیسک  بدھ 26 جون 2019
نوجوان کو نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران گولیاں مار کر شہید کیا گیا۔ فوٹو : فائل

نوجوان کو نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران گولیاں مار کر شہید کیا گیا۔ فوٹو : فائل

 سری نگر: قابض بھارتی فوج کے سرچ آپریشن کے دوران فائرنگ سے ایک نوجوان نے جام شہادت نوش کرلیا۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق جنت نظیر وادی کے ضلع پلوامہ کے ایک علاقے میں قابض بھارتی فوج نے داخلی و خارجی راستوں کو بند کر کے گھر گھر تلاشی لی جس کے دوران بھارتی فوج کی فائرنگ سے ایک نوجوان شہید ہوگیا۔

سرچ آپریشن کے دوران بنیادی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی اور نوجوان کی شہادت پر علاقہ مکین احتجاجاً سڑکوں پر نکل آئے اور قابض بھارتی فوج کیخلاف اور جدوجہد آزادی کے حق میں نعرے لگائے۔

جنونی بھارتی فوج نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس شیلنگ کی اور پیلٹ گن کا بے دریغ استعمال کیا جس سے خواتین اور بزرگ سمیت متعدد مظاہرین زخمی ہوگئے جنہیں قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

دوسری جانب بھارت نواز کٹھ پتلی انتظامیہ نے روایتی ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سرچ آپریشن کے دوران نوجوان کی شہادت کو ’ دو طرفہ مقابلہ‘ قرار دیا تاہم ہمیشہ کی طرح اس بار بھی سیکیورٹی فورسز دوطرفہ مقابلے کے شواہد پیش نا کر سکی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔