یوسف رضا گیلانی کی مغوی بیٹے کی بازیابی کیلئے مولانا سمیع الحق سے تعاون کی اپیل

ویب ڈیسک  ہفتہ 7 ستمبر 2013
علی حیدر گیلانی کو ملتان سے انتخابی مہم کے دوران اغوا کرلیا گیا تھا، فوٹو : فائل

علی حیدر گیلانی کو ملتان سے انتخابی مہم کے دوران اغوا کرلیا گیا تھا، فوٹو : فائل

نوشہرہ: سابق وزیر اعظم اور پیپلز پارٹی کے رہنما یوسف رضا گیلانی نے اپنے مغوی بیٹے علی حیدر گیلانی کی بازیابی کے لئے جے یو آئی (س) کے سربراہ مولانا سمیع الحق سے مدد مانگ لی۔

دارالعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک میں ملاقات کے دوران یوسف رضا گیلانی نے مولانا سمیع الحق سے اپنے مغوی بیٹے علی حیدر گیلانی کے بازیابی کے لئے تعاون کی اپیل کی جس پر مولانا سمیع الحق نے انہیں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی، ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پاکستان کا امن افغانستان سے مشروط ہے جب وہاں امن ہوگا تو پاکستان بھی پر امن ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ علی حیدر صرف ان کا بیٹا ہی نہیں بلکہ انتخابی امیدوار بھی تھا اور عام انتخابات میں کسی بھی امیدوار کے اغوا کا مطلب پورے انتخابی عمل کو متاثر کرنے کے مترادف ہوتا ہے۔ بیٹے کا اغوا ہونا ان کا ذاتی نقصان تھا اس لئے انہوں نے انتخابی عمل کا بائیکاٹ نہیں کیا کیونکہ وہ اپنی ذات سے قومی نقصان کا سوچ بھی نہیں سکتے،یوسف رضا گیلانی نے مولانا سمیع الحق سے بیٹے کی بازیابی کے لئے اپنے تعلقات استعمال کرتے ہوئے کردار ادا کرنے کی اپیل بھی کی۔

اس موقع پر جے یو آئی (س) کے سربراہ مولانا سمیع الحق کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف آل پارٹیز کانفرنس صرف وقت ٹالنے کی بات ہے، سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کے دور میں بھی 2 مرتبہ اے پی سی ہوچکی ہیں، انہوں نے کہا کہ جنگ سے کوئی مسئلہ حل نہیں ہوتا، ملک کی تمام سیاسی اور دینی جماعتیں مل کر کشتی کو منجھدار سے نکالیں گی اور جہاں تک علی حیدر کی بازیابی کی بات ہے وہ انشا اللہ سرخرو ہوکر واپس لوٹے گا۔

واضح رہے کہ علی حیدر گیلانی کو ملتان سے انتخابی مہم کے دوران اغوا کرلیا گیا تھا ، اس دوران علی حیدر کا پرسنل سیکریٹری جاں بحق جبکہ دیگر کئی افراد زخمی ہوگئے تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔