صدر آصف زرداری کو لاہور آنے پر خوش آمدید کہیں گے،رانا ثنااللہ

ویب ڈیسک  ہفتہ 7 ستمبر 2013
پنجاب میں غیرجماعتی بنیادوں پر بلدیاتی انتخابات کا فیصلہ ارکان اسمبلی نے قانونی اور سیاسی پچیدگیوں کو مدنظر رکھ کر کیا ہے، رانا ثنا اللہ ۔ فوٹو: فائل

پنجاب میں غیرجماعتی بنیادوں پر بلدیاتی انتخابات کا فیصلہ ارکان اسمبلی نے قانونی اور سیاسی پچیدگیوں کو مدنظر رکھ کر کیا ہے، رانا ثنا اللہ ۔ فوٹو: فائل

لاہور: وزیر قانون پنجاب رانا ثنا للہ کہتے ہیں کہ انہوں نے کبھی آصف زرداری کو غیر جمہوری نہیں کہا ،انہیں لاہور آنے پر خوش آمدید کہیں گے اور ان کے منصب اور ضرورت کے مطابق سیکیورٹی فراہم کی جائے گی۔

لاہورمیں میڈیا سے بات کرتے ہوئے رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ  انہوں نے کبھی آصف زرداری کو  غیر جمہوری صدر نہیں کہا مگر ان کے دور میں کرپشن اور اداروں کی تباہی پر تنقید کی، ہم صدر آصف علی زرداری کے سیاسی عمل کے مخالف تھے اور اسی پر ہماری تنقید تھی، انہوں نے ملک کو آگے نہیں پیچھے دھکیلا ہے، آصف زرداری کو لاہور آنے پر خوش آمدید کہیں گے اور ان کے منصب اور ضرورت کے مطابق سیکیورٹی فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے  کہا کہ تحریک انصاف نے ضمنی انتخابات میں دھاندلی کا واویلا کرکے دھرنا بھی دیا اور ووٹوں کی دوبارہ گنتی کرا کربھی دیکھ لیا کہ پنجاب کے عوام مسلم لیگ (ن) کے ساتھ ہیں۔

رانا ثنااللہ نے کہا کہ پنجاب میں غیرجماعتی بنیادوں پر بلدیاتی انتخابات کا فیصلہ ارکان اسمبلی نے قانونی اور سیاسی پچیدگیوں کو مدنظر رکھ کر دلائل اور بحث کے بعد کیا ہے، یونین کونسل کی سطح پر ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں کسی کو پارٹی نشان الاٹ نہیں کئے جائیں گے اس کے علاوہ میئر اور ڈپٹی میئر کے انتخاب میں بھی جماعت کے نشان کو استعمال نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے بلدیاتی انتخابات میں امیدواروں کو پارٹی نشانات جاری نہ کرنے کا فیصلہ بلدیاتی ایکٹ کی تائید ہے، الیکشن کمیشن کے فیصلے کے بعد غیر جماعتی الیکشن کو چیلنج کرنے والی جماعتیں اپنی درخواستیں واپس لے لینی چاہئے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔