بلوچستان میں جرائم پر قابو پانے كیلئے پوليس كمپيوٹرائزيشن پروجيكٹ كا آغاز

اسٹاف رپورٹر  جمعـء 28 جون 2019
جرائم پر قابو پانے كیلئے جديد سہوليات سے استفادہ حاصل كرنا ناگزير ہوچكا ہے، آئی جی پولیس بلوچستان . فوٹو: فائل

جرائم پر قابو پانے كیلئے جديد سہوليات سے استفادہ حاصل كرنا ناگزير ہوچكا ہے، آئی جی پولیس بلوچستان . فوٹو: فائل

کوئٹہ: انسپكٹر جنرل پولیس بلوچستان محسن حسن بٹ نے كہا ہے كہ صوبے ميں جرائم پر قابو پانے اور جرائم پيشہ افراد كا ڈيٹا اكٹھا كرنے كے علاوہ عوام کو سہوليات مہيا كرنے كے لئے پوليس كمپيوٹرائزيشن پروجیکٹ كا آغاز كرديا ہے۔

سينٹرل پوليس آفس ميں پوليس كمپيوٹرائزيشن پروجيكٹ كے بارے ميں ميڈيا كو بريفنگ ديتے ہوئے آئی جی پولیس بلوچستان نے کہا کہ جديد ٹيكنالوجی كے بغير جرائم پر قابو پانا اور ملزمان کو قانون كے شكنجے ميں جكڑنے كے لئے جديد سہوليات سے استفادہ حاصل كرنا ناگزير ہوچكا ہے، اس لئے بلوچستان پوليس كے استعداد كار كو بڑھانے کیلئے اقدامات اٹھارہے ہيں۔

ايک سوال كے جواب ميں محسن حسن بٹ نے كہا كہ لورالائی ميں اس سال كے آغاز سے ہی دہشت گردی کے واقعات شروع ہوئے، پوليس اور قانون نافذ كرنے والے اداروں كے اہلكاروں نے كاميابی حاصل كركے دہشت گردوں كے سيل ختم كیے، گزشتہ روز بھی 3 خودكش حملہ آوروں ميں سے ايک كو پوليس نے نشانہ بنايا اور دو نے اپنے آپ كو اُڑايا دیا، پوليس لورالائی ميں دہشت گردی كے خاتمے اور ان كے سيل كو ختم كر نے كے لئے سی ٹی ڈی و ديگر قانون نافذ كرنے والے اداروں اور حساس اداروں كے تعاون سے بہت جلد كليئر كرلے گی۔

آئی جی پولیس نے کہا کہ صوبے ميں فرانزک ليبارٹری  كے قيام كے لئے 14-2013 سے كام جاری ہےم اس سال دسمبر تک اس كی عمارت مكمل ہوجائے گی، پوليس نے سيٹلائٹ ليب بنانے كے لئے 2 سائنٹسٹ كو ركھنے كی منظور دے دی ہے، اس كے لئے پوليس كے لوگوں كو بھرتی كيا جائے گا، اس وقت دہشت گردی واقعات كے نمونے پنجاب فرانزک ليبارٹری سے ٹيسٹ كرائے جاتے ہیں اور وہاں پر بلوچستان كے لئے الگ ڈيسک اورماہرين مقرر كیے گے ہیں۔

اس موقع پر ايڈيشنل آئی جی كمپيوٹرائزيشن پروجيكٹ نعيم اكرم بھروكا اور آئی ٹی انچارج علی ناصر رضوی نے كمپيوٹرائزيشن كے منصوبوں كے بارے ميں بتاتے ہوئے كہا كہ اس سسٹم سے پوليس كے استعداد كار كو بڑھانے كے ساتھ ساتھ كوئٹہ سيف سٹی منصوبے كے مكمل ہونے سے اس كی افاديت كے لئے ہم تيارہوں گے، اس منصوبے سے عوام كو پوليس كی جانب سے 12 سروسز ان كی دہليز پر مليں گی، مدد گار سينٹر ميں شكايت سيل قائم كرنے كے علاوہ خدمت سينٹر بنارہے ہيں جس سے عوام كو فائدہ پہنچے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔