اس اے پی سی کا انجام بھی پہلے کی 2 اے پی سیز سے مختلف نہیں ہو گا، شیخ رشید

ویب ڈیسک  اتوار 8 ستمبر 2013
شیخ رشید نے کہا کہ حکمرانوں کو اے پی سی میں ایسے سیاستدانوں کی شرکت کی ضرورت ہے جو باہر آکر میڈیا اور عوام کو بتائیں کہ سب معاملات طے ہو گئے ہیں۔ فوٹو: فائل

شیخ رشید نے کہا کہ حکمرانوں کو اے پی سی میں ایسے سیاستدانوں کی شرکت کی ضرورت ہے جو باہر آکر میڈیا اور عوام کو بتائیں کہ سب معاملات طے ہو گئے ہیں۔ فوٹو: فائل

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا کہ اسلام آباد میں کل منعقد ہونے والی آل پارٹیز کانفرنس کے لئے دعا گو ہوں لیکن اس اے پی سی کا انجام بھی پہلے کی 2 اے پی سیز سے مختلف نہیں ہو گا۔

اے پی سی میں حکومت کی جانب سے شرکت کی دعوت نہ دیئے جانے پر شیخ رشید نے کہا کہ حکمرانوں کو اے پی سی میں ایسے سیاستدانوں کی شرکت کی ضرورت ہے جو باہر آکر میڈیا اور عوام کو بتائیں کہ سب معاملات طے ہو گئے ہیں اور سب کچھ ٹھیک ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن سچ بولنے والوں سے گھبراتی ہے۔

شیخ رشید نے کہا کہ پہلے والی اے پی سی میں پیپلز پارٹی نے ایسی جماعتوں کو بھی بلایا تھا جن کا کونسلر بھی نہیں تھا اور میں یقین سے کہہ سکتا ہوں کہ ان کی ابتدا ہی غلط ہے اور یہ کسی انجام تک نہیں پہنچ سکتے، ایسے حساس معاملات پر قوم کے اندر اتحاد ہونا چاہیئے اور پک اینڈ چوز کی سیاست نہیں ہونی چاہیئے۔

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ایسا نہیں ہونا چاہیئے کہ حکمران ان لوگوں سے کنارہ کشی کرلیں جن سے انہیں گھبراہٹ ہو۔ انہوں نے کہا کہ اے پی سی میں ہونے والا فیصلہ پہلے ہی طے ہو چکا ہے، سابق صدر پرویز مشرف، آصف علی زرداری اور وزیراعظم نواز شریف کی ایک ہی پالیسی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔