کامران اکمل نے جان بوجھ کر کیچ چھوڑنے کا الزام مسترد کردیا

عباس رضا  ہفتہ 29 جون 2019
عبدالرزاق کا میرے متعلق بیان ناپختہ سوچ کا ثبوت ہے، کامران اکمل

عبدالرزاق کا میرے متعلق بیان ناپختہ سوچ کا ثبوت ہے، کامران اکمل

کامران اکمل نے آسٹریلیا میں جان بوجھ کر کیچ چھوڑنے کا الزام عائد کرنے پر سابق ٹیسٹ کرکٹر عبدالرزاق کی کلاس لے لی۔

اپنے ویڈیو پیغام میں وکٹ کیپر بیٹسمین نے کہا کہ جتنا بھی کھیلا، عزت سے کھیلا، ہمیشہ پاکستان کیلیے اچھی کارکردگی دکھانے کی کوشش کی، ایسا گھٹیا بندہ نہیں کہ ٹیم کو نقصان پہنچاﺅں، ورلڈکپ میں پاکستانی کرکٹرز سے کیچ چھوٹ رہے ہیں تو کیا ان پر الزمات لگادیں، اس طرح کی چھوٹی باتوں پر غصہ تو نہیں آتا، افسوس ضرور ہوتا ہے،جن کیساتھ کھیلا ہوں، وہی منہ اٹھا کر الزام لگادیں، یہ اچھی بات نہیں۔

کامران اکمل نے کہا کہ پاکستان میں اس حوالے سے کوئی قانون ہوتا تو لوگ الزامات لگانے سے پہلے سوچتے، مجھے اچھی طرح معلوم ہے کہ عبدالرزاق کس ذہن کے ساتھ کھیلے اور میں کس ذہن کیساتھ کھیلا،ان کو ایک میچ کے 4 اوورز میں بہت زیادہ رنز پڑے تب ہماری طرف سے تو الزام نہیں لگایا گیا تھا،ان کا میرے بارے میں بیان ناپختہ سوچ کا ثبوت ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔