نوجوان کو اغوا کے بعد قتل کرنے والے 3 ملزمان گرفتار، اعتراف جرم بھی کرلیا

اسٹاف رپورٹر  پير 9 ستمبر 2013
ملزمان نے تاوان وصول کرنے کے بعد شناخت کے خوف سے مغوی کو قتل کردیا. فوٹو: ایکسپریس

ملزمان نے تاوان وصول کرنے کے بعد شناخت کے خوف سے مغوی کو قتل کردیا. فوٹو: ایکسپریس

کراچی: پولیس نے عزیز بھٹی سے اغوا کے بعد قتل کیے گئے نوجوان کے مقدمے میں 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا، ابتدائی تفتیش میں ملزمان نے اعتراف جرم بھی کرلیا۔

ملزمان نے تاوان وصول کرنے کے بعد شناخت کے خوف سے مغوی کو قتل کردیا ، ملزمان مغوی کے پڑوسی ہی نکلے ، ایس پی صدر سلمان سید نے اپنے دفتر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ 3 ملزمان بابل ولد عبدالقدوس خان ، محمد یاسین عرف جسیم ولد عبدالقدوس اور ضیا الحق ولد محمد علی کو ایم اے جناح روڈ سے گرفتار کیا گیا، ملزمان نے عزیز بھٹی کے علاقے سے اپنے پڑوسی ارشد ولد اسلم کو اغوا کیا اور اس کے اہلخانہ سے 20 لاکھ روپے تاوان طلب کیا ، اہل خانہ نے واقعے سے پولیس کو مطلع کیا ، پولیس نے واقعے کا مقدمہ الزام نمبر 355/13 بجرم دفعہ 365-A کے تحت درج کرلیا۔

اس دوران اہل خانہ کی اغوا کاروں سے بھی بات چیت جاری رہی اور 3 لاکھ روپے میں معاملہ طے ہوا، چند روز بعد اہل خانہ نے تاوان کی رقم بھی ادا کردی لیکن اغوا کے دوران مغوی اغواکاروں کو پہچان چکا تھا جس کی وجہ سے ملزمان نے اسے قتل کردیا اور لاش نیو کراچی صنعتی ایریا کے علاقے میں پھینک دی ، پولیس نے ملزمان کو گرفتار کرلیا جبکہ ابتدائی تفتیش میں ملزمان نے قتل کا اعتراف بھی کرلیا، پریس کانفرنس کے دوران مقتول ارشد کے والد اسلم بھی موجود تھے۔

انھوں نے پولیس کو بتایا کہ ملزمان کے ساتھیوں کی جانب سے انھیں اب بھی دھمکیاں مل رہی ہیں جس کے بعد انھیں پولیس کی جانب سے تحفظ فراہم کرنے کی بھی یقین دہانی کرائی گئی ہے، مقتول کا مرغی کا کاروبار تھا۔

علاوہ ازیں بلدیہ ٹائون کے مختلف علاقوں سعید آباد ، بلدیہ ٹائون اور یوسف گوٹھ میں پولیس نے ملزمان کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 10 ملزمان رضوان ، رحیم ، انیس ، سلمان ، یاسین ، شاہد ، محمد رئیس ، اختر علی اور رضوان کو گرفتار کرکے ملزمان کے قبضے سے 5 ٹی ٹی پستول ، بڑی تعداد میں شراب کی بوتلیں اور کئی کلو گرام چرس برآمد کرلی، پولیس کے مطابق ملزمان قتل ، اقدام قتل ، ڈکیتی و رہزنی ، منشیات فروشی اور اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔