ریسلنگ کو دوبارہ اولمپکس گیمز کا حصہ بنالیا گیا

اسپورٹس ڈیسک  پير 9 ستمبر 2013
2022 اور 2024 میں شامل ، آئی او سی اجلاس میں 95 میں سے 49 ووٹ ملے. فوٹو وکی پیڈیا

2022 اور 2024 میں شامل ، آئی او سی اجلاس میں 95 میں سے 49 ووٹ ملے. فوٹو وکی پیڈیا

بیونس آئرس: ریسلنگ کے کھیل نے دوبارہ اولمپکس گیمز میں جگہ بنالی۔

گذشتہ شب جاپانی شہر ٹوکیو کو 2020 گیمز کی میزبانی دیے جانے کے بعد اس بات کا قوی امکان ہوگیا تھا کہ  سمر گیمز کیلیے اب تین کھیلوں اسکواش، سوفٹ بال/ بیس بال اور اسکواش میں سے ریسلنگ کو ہی عالمی ادارے کی جانب سے سند قبولیت عطا کردی جائے گی، اتوار کو ارجنٹائن کے شہر میں جاری آئی او سی کے 125ویں سالانہ اجلاس میں ووٹنگ کے ذریعے ریسلنگ کو دوبارہ اولمپکس گیمز میں شامل کرلیاگیا ، پہلے رائونڈ میں ہونے والی ووٹنگ میں کاسٹ ہونے والے 95 میں سے 49 ریسلنگ کے حق میں پڑے، بیس بال اور سافٹ بال کی مشترکہ بڈ کے حق میں 24ووٹ آئے جبکہ 22 ممبران نے اسکواش کو اولمپکس کا حصہ بنانے کی رائے دی۔

اس نتیجے کے بعد ریسلنگ کا کھیل 2020 اور 2024 اولمپکس کا حصہ بنے گا، ریسلنگ کو رواں برس فروری میں اولمپکس پروگرام سے ہٹادیاگیا تھا ، یہ فیصلہ آئی او سی کے 15 رکنی ایگزیکٹیو بورڈنے کیا تھا، تاہم اس فیصلے کیخلاف عالمی پیمانے پر مہم شروع کی گئی، جس کے نتیجے میں اسی بورڈ نے مئی کے اواخر میں پیش کی جانے والی پریذینٹیشن میں 8 کھیلوں میں سے 3 شارٹ لسٹ گیمز میں شامل کرلیا۔

ریسلنگ کے کھیل میں جدت لانے والے سربیا کے نیناڈ لیلووک نے اس موقع پر کہا کہ اولمپکس میں ہمارے کھیل کی دوبارہ شمولیت دنیا بھر میں بسنے والے لاکھوں ریسلرز ، کھیل کے حامیوں اور شائقین کی مشترکہ کاوش کا ثمر ہے، ہر ایک نے اپنے طور پر اس کیلیے جدوجہد کی ہے، انھوں نے مزید کہا کہ ہم کوشش کریں گے کہ ریسلنگ کا کھیل اولمپکس کا مستقل حصہ بنا رہے، ہم اپنے سفر کو روکے نہیں بلکہ کھیل میں جدت لاکر اسے عوام کیلیے مزید دلچسپ بنانے کا عمل جاری رکھیں گے، ریسلنگ کو اولمپکس گیمز کا حصہ بنانے کا اعلان کرتے ہوئے آئی او سی کے صدرجیکس روگی نے کہا کہ ہمیں یہ فیصلہ کرتے ہوئے کوئی افسوس نہیں ہے۔

ممبران نے اپنے ووٹ کے ذریعے ثابت کردیاکہ ہم نے جو قدم اٹھایا تھا وہ اپنے گیمز کی بہتری کیلیے تھا، علاوہ ازیں انٹر نیشنل اولمپک کمیٹی کے نئے صدر کا فیصلہ منگل کو ہوگا، جس کیلیے پانچ امیدوار میدان میں موجود ہیں، 12برس تک آئی او سی کی صدارت پر براجمان جیکس روگی اب اس پوزیشن پر مزید فائز نہیں رہیںگے، ان کی جگہ آئی او سی باگ دوڑ سنبھالنے کیلیے پانچ امیدوار میدان میں موجود ہیں، جس میں جرمنی کے تھامس باخ، سنگاپور کے این جی سیر میانگ، پیورٹو ریکو کے رچرڈ کیرون ، چائنز تائپے کے وو چنگ کو ، سوئٹزرلینڈ کے ڈینس اوسوالڈ اور یوکرین کے سابق ایتھلیٹ سرگئی بوبکا شامل ہیں، جیکس روگی آئی او سی کے آٹھویں صدر ہیں اور وہ 2001 سے اس منصب پر براجمان ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔