شاہ زیب کے والدین اور سکندر جتوئی کے درمیان 30 کروڑ میں ڈیل طے پائی، ذرائع

ویب ڈیسک  پير 9 ستمبر 2013
30 کروڑ کے ساتھ شاہ زیب کے اہلخانہ کو آسٹریلیا کا ویزا بھی دیا گیا ہے، ذرائع    فوٹو: ایکسپریس/فائل

30 کروڑ کے ساتھ شاہ زیب کے اہلخانہ کو آسٹریلیا کا ویزا بھی دیا گیا ہے، ذرائع فوٹو: ایکسپریس/فائل

کراچی: شاہ زیب قتل کیس کے مرکزی ملزم شاہ رخ جتوئی کو معاف کرنے کے لئے شاہ زیب کے والدین اور شاہ رخ کے والد سکندر جتوئی کے درمیان 30 کروڑ میں ڈیل طے پائی ہے۔

ذرائع کے مطابق تمام معاملات متحدہ عرب امارات میں طے پائے، شاہ رخ کی دبئی میں گرفتاری سے اس ڈیل کی شروعات ہوئی جس کے تحت مرکزی ملزم شاہ رخ نے پہلے گرفتاری دی، پھر مقدمہ انسداد دہشت گردی کی عدالت میں گیا تاہم شاہ رخ کو عدالت کی جانب سے سزائے موت سنائے جانے سے قبل یہ ڈیل 19 کروڑ روپے میں طے پائی تھی لیکن سزائے موت سنائے جانے کے بعد ڈیل کی رقم 30 کروڑ روپے تک پہنچ گئی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ 30 کروڑ روپے کے ساتھ ساتھ شاہ زیب کے اہلخانہ کو آسٹریلیا کا ویزا بھی دیا گیا ہے اور شاہ زیب کے اہلخانہ جلد آسٹریلیا روانہ ہوجائیں گے۔

واضح رہے کہ شاہ زیب کے والد اورنگزیب خان کی جانب سے آج سندھ ہائی کورٹ میں جمع کرائے گئے حلف نامے میں کہا گیا ہے کہ وہ اور ان کے اہلخانہ اپنے بیٹے کے قاتل شاہ رخ کو اللہ کے نام پر معاف کرتے ہیں اور انہوں نے یہ فیصلہ کسی ڈیل یا دباؤ کے تحت نہیں کیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔