الکا یاگنک نے880 سے زائد گیت گا کر ریکارڈ قائم کیا

کلچرل رپورٹر  منگل 10 ستمبر 2013
20 مارچ1966ء کو کلکتہ میں پیدا ہوئیں، 1980ء میں پہلا گانا گایا۔  فوٹو : فائل

20 مارچ1966ء کو کلکتہ میں پیدا ہوئیں، 1980ء میں پہلا گانا گایا۔ فوٹو : فائل

کراچی: بالی ووڈ میں اپنے خوبصورت گیتوں سے شہرت حاصل کرنے والی مشہور گلوکارہ الکا یاگ نک نے اپنے فلمی سفر میں 880 سے زائد گیت گاکر ایک نیا ریکارڈ قائم کیا۔

20 مارچ 1966 میں کلکتہ میں پیدا ہونے والی گلوکارہ الکا نے 6 سال کی عمر سے فن موسیقی میں قدم رکھا انھوں نے بھجن سے گائیکی کا آغاز کیا، 1980 میں انھوں نے فلموں میں گیت گاکر اپنے کیرئیر کا آغاز کیا ،ان کی پہلی فلم’’ پائل کی جھنکار‘‘ تھی، 1981 میں فلم’’ لاوارث‘‘ کے گیت میرے’’ انگنا میں تمھارا کیا کام ہے‘‘ سے شہرت ملی، لیکن فلم’’ تیزاب‘‘ کے گیت ’’ایک دوتین‘‘ سے انھیں بریک تھرو ملا، وہ اس گیت کے بعد راتوں رات شہرت کی بلندی پر پہنچ گئیں، اس فلم کے گیت کی شہرت کی وجہ سے انھیں فلم فئیر فیملی ایوارڈ دیا گیا۔

الکا نے معروف میوزک ڈائریکٹر راجیش روشن،اے آر رحمن،لکشمی کانت پیارے لال، احسان لالے، اسماعیل دربار، ساجد واجد، بپی لہری،نصرت فتح علی خان کے ساتھ بہت سے خوبصورت گیت ریکارڈ کرائے، انھوں نے سب سے زیادہ گیت مشہور گلوکار ادت نارائن کے ساتھ گائے،الکا نے فلم فئیر ایوارڈ کے ایک پروگرام میں آشا بھونسلے کے ساتھ بہترین پرفارمنس سے خوب داد وصول کی انھیں 7 فلم فئیر ایوارڈ جب کہ دو نیشنل ایوارڈ دیے گئے جب کہ انھیں یہ بھی اعزاز حاصل ہوا کہ انھوں نے اپنی سینئر گلوکارہ آشا بھونسلے کے برابر فلم فئیر ایوارڈ حاصل کیے۔

الکا نے موسیقار انوملک کے ساتھ فلم بازیگر، رفیوجی، میں کھلاڑی تو اناڑی،اکیلے ہم اکیلے تم، ڈپلیکیٹ، سولجر، آرزو، ہر دل جو پیار کرے گا، امراؤ جان، فضا، جوش، ایل او سی کارگل، موسیقار اے آرحمن کے ساتھ تال، لگان، زبیدہ، سو دیس ،سلم ڈاگ ملینیم،راجیش روشن کے ساتھ کرن ارجن، کوئلہ، کوئی مل گیا، فرش، شنکر احسان لالے کے ساتھ دل چاہتا ہے، مشن کشمیر، اروان، کل ہو نہ ہو کبھی الوداع نہ کہنا قابل ذکر ہیں۔

انھوں نے ان تمام نامور موسیقاروں کے ساتھ اپنی بہترین آواز کا جادو جگایا ،ان کے خوبصورت گیت آج بھی شہرت کے حامل ہیں ان کی آواز میں وہی تازگی موجود ہے ابھی ان کا شاندار کیئریر جاری ہے وہ اب بھی موسیقاروں کی اولین ترجیح ہیں جب کہ بولی ووڈ کی ادکارائیں ان کی آواز میں گیت فلم بند کرانے پر فخر محسوس کرتی ہیں، انھیں ہندی سنیما کی بہترین پلے بیک سنگر ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔