حنیف محمد کی کیمو تھراپی کا پہلا مرحلہ مکمل ہوگیا

اسپورٹس ڈیسک  منگل 10 ستمبر 2013
میری طرح حنیف بھائی بھی اس مرض سے مقابلہ کرسکتے ہیں،بھارتی آل رائونڈر   فوٹو: فائل

میری طرح حنیف بھائی بھی اس مرض سے مقابلہ کرسکتے ہیں،بھارتی آل رائونڈر فوٹو: فائل

لندن / دہلی: حنیف محمد کی کیمو تھراپی کا پہلا مرحلہ مکمل ہوگیا، ان کو کینسر سے لڑتا دیکھ کر بھارتی آل راؤنڈر یوراج سنگھ کو اپنا مشکل وقت یاد آگیا، انھوں نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ جب میں اس مرض کا مقابلہ کرسکتا ہوں تو حنیف بھائی بھی کرسکتے ہیں۔

اس بیماری نے ہم دونوں میں نیا رشتہ قائم کردیا جو بہت ہی خاص ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کے سابق عظیم بیٹسمین حنیف محمد کی لندن میں کیموتھراپی کا پہلا مرحلہ مکمل ہوگیا، وہ جلد ہی وطن واپس لوٹ کر باقی 5مراحل سے گزریں گے، انھوں نے گذشتہ روز اپنے ایک بیان میں یوراج سنگھ کو حقیقی فائٹر قرار دیا تھا،بھارتی آل راؤنڈر بھی اس مرض میں مبتلا ہوئے اور امریکا میں زیر علاج رہے تھے۔ جواب میں یوراج سنگھ نے بھی حنیف محمد کیلیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 2008 کے ایشیا کپ کیلیے جب ہم پاکستان گئے تو حنیف محمد نے میرا موازنہ گیری سوبرز کے ساتھ کیا۔

میں نے ایوارڈز تقریب میں ان کا شکریہ بھی ادا کیا تھا، حنیف بھائی کے کینسر میں مبتلا ہونے سے ان کے اور میرے درمیان ایک نیا رشتہ پیدا ہوگیا جو کرکٹ سے ہٹ کر مگر بہت ہی خاص ہے، میں نے سن رکھا ہے کہ حنیف بھائی کی تکنیک اور دفاع کافی مضبوط اور وہ ذہنی طور پر کافی سخت تھے، مجھے یقین ہے کہ وہ کیمو تھراپی کے دوران بھی ایسی ہی مضبوطی کا مظاہرہ کریں گے، میری نیک تمنائیں اور دعائیں ان کے ساتھ ہیں کہ وہ جلد سے جلد صحتیاب ہوجائیں، انھوں نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ حنیف بھائی اگر یوراج اس مرض سے فائٹ کرسکتا ہے تو آپ بھی ایسا کرسکتے ہیں۔ یاد رہے کہ ایشیا کپ کے موقع پر حنیف محمد نے کہا تھا کہ یوراج کو دیکھ کر مجھے گیری سوبرز کی یاد آتی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔