آئی او سی کو آرمسٹرونگ سے میڈل کی واپسی کا انتظار

اے ایف پی  منگل 10 ستمبر 2013
آئی او سی نے جنوری میں آرمسٹرونگ کو ایک خط میں میڈل واپس کرنے کو کہا تھا. فوٹو: فائل

آئی او سی نے جنوری میں آرمسٹرونگ کو ایک خط میں میڈل واپس کرنے کو کہا تھا. فوٹو: فائل

بیونس آئرس:  انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی بدنام زمانہ امریکن سائیکلسٹ لانس آرمسٹرونگ کے اولمپک برانز میڈل کا انتظار کررہی ہے ،واپسی کا مطالبہ9 ماہ قبل کیا گیا، یہ میڈل انھوں نے2000 سڈنی گیمز میں حاصل کیا تھا۔

جیوڈیشل کمیشن کے سربراہ تھومس بیچ نے بتایا کہ آئی او سی نے جنوری میں آرمسٹرونگ کو ایک خط میں میڈل واپس کرنے کو کہا تھا، انھوں نے تصدیق کی کہ اگرچہ سائیکلسٹ نے سزا مان لی لیکن ابھی تک میڈل واپس کرنے کا وعدہ پورا نہیں کیا ہے۔ منگل کے روز بیونس آئرس میں موجودہ آئی او سی صدر جیکس روگ کی جگہ سنبھالنے کیلیے فیورٹ بیچ نے مزیدکہاکہ ہم نے ان کی فتح کو کالعدم قرار دیتے ہوئے کسی کو بھی برانز میڈل کا حقدار نہیں ٹھہرایا، اسے چیلنج نہیں کیا جاسکتا لیکن افسوس کہ ہمیں میڈل نہیں مل پایا، ہم امریکی کمیٹی کے ساتھ اس مسئلے کو حل کرنے کیلیے کام کررہے ہیں ۔

یاد رہے کہ یو ایس اینٹی ڈوپنگ ایجنسی کی جانب سے آرمسٹرونگ اورسابق ٹیم ساتھیوں کیخلاف بڑے پیمانے پر ڈوپنگ کے شواہد مہیا کیے گئے تھے، اکتوبر 2012 میں انھیں7 ٹور ڈی فرانس ٹائٹلز سے محروم کرتے ہوئے تاحیات پابندی کی سزا دی گئی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔