سرچ آپریشن میں لیاری گینگ وار کے 2 ملزمان سمیت 18 افراد گرفتار

اسٹاف رپورٹر  منگل 10 ستمبر 2013
بغدادی پولیس نے میمن سوسائٹی آزاد مسلم ہال سے ملحقہ علاقے میں ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران گھر گھر تلاشی لی۔ فوٹو : محمد ثاقب / ایکسپریس

بغدادی پولیس نے میمن سوسائٹی آزاد مسلم ہال سے ملحقہ علاقے میں ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران گھر گھر تلاشی لی۔ فوٹو : محمد ثاقب / ایکسپریس

کراچی: لیاری کے مختلف علاقوں میں پولیس نے آپریشن کیا ہے۔ بغدادی پولیس نے میمن سوسائٹی آزاد مسلم ہال سے ملحقہ علاقے میں ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران گھر گھر تلاشی کے دوران 18مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا ، پولیس کا کہنا ہے کہ 2 افراد عمران اور علی محمد کے قبضے سے اسلحہ برآمد ہوا ہے۔

جبکہ دونوں افراد ڈاکس کے علاقے مچھر کالونی کے رہائشی ہیں، پولیس کا کہنا ہے کہ تفتیش کے دوران جو بھی بے گناہ ثابت ہوگا اسے فوری طور پر چھوڑ دیا جائے گا ۔ کلری پولیس نے جونا مسجد کے قریب چھاپہ مار کر لیاری گینگ وار سے تعلق رکھنے والے 2 ملزمان سمیع اﷲ اور فضل کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کرلیا ، پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کا تعلق وصی اﷲ لاکھو گروپ سے ہے جو پولیس کو مختلف جرائم میں مطلوب تھے۔ ایس ایچ او لیاقت آباد انسپکٹر سجاد الحسن نے 2 مفرور سمیت 3 ملزمان کو گرفتار کر کے منشیات برآمد کرلی ۔

ایس ایس پی سٹی طارق دھاریجو کی نگرانی میں لیاری پولیس نے چاکیواڑہ کے علاقے بہار کالونی ٹینری روڈ پر چھاپہ مار کارروائی کے دوران لیاری گینگ وار سے تعلق رکھنے والے 2 ملزمان مراد بروہی اور عامر کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کرلیا، ملزمان نے اندرون سندھ جیکب آباد میں 2 ہندو تاجروںکو بھی قتل کیا تھا۔ناظم آباد کے علاقے گول مارکیٹ کے قریب سے اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ پولیس نے چھاپہ مار کر ایک بھتہ خور کو گرفتار کرلیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔