حلقہ این اے 259 ڈیرہ بگٹی میں دوبارہ الیکشن روکنے کا حکم

ویب ڈیسک  جمعـء 5 جولائی 2019
الیکشن کمیشن نے شاہ زین بگٹی کی قومی اسمبلی کی رکنیت ختم کرکے 29 پولنگ اسٹیشنوں پر دوبارہ پولنگ کا حکم دیا تھا

الیکشن کمیشن نے شاہ زین بگٹی کی قومی اسمبلی کی رکنیت ختم کرکے 29 پولنگ اسٹیشنوں پر دوبارہ پولنگ کا حکم دیا تھا

سپریم کورٹ نے بلوچستان کے حلقہ این اے 259 ڈیرہ بگٹی میں 29 پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ پولنگ روک دی۔

جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے دو رکنی بینچ نے شاہ زین بگٹی کی پولنگ روکنے کی درخواست کی سماعت کی۔ شاہ زین بگٹی کے وکیل نے کہا کہ عدالت شاہ زین بگٹی کی کامیابی کا نوٹیفکیشن بحال کرے، ورنہ حلقہ نمائندگی کے بغیررہ جائے گا۔

جسٹس گلزار احمد نے کہا کہ درخواست گزارنے توانتخابات پر بہت الزامات لگائے ہیں، کیا سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد جزوی پولنگ ہو سکتی ہے؟۔

مخالف فریق طارق کھیتران کے وکیل عدالت میں پیش ہوئے اور کہا کہ 29 پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ پولنگ کیلئے شیڈول جاری ہو چکا ہے، ایک ہفتے میں پولنگ ہونا ہے۔

سپریم کورٹ نے فریقین کے دلائل کی سماعت کے بعد این اے 259 ڈیرہ بگٹی میں دوبارہ پولنگ روکنے کا حکم دیا۔

2018 کے عام انتخابات میں شاہ زین بگٹی این اے 259 ڈیرہ بگٹی سے کامیاب ہوئے تھے اور ان کے مخالف امیدوار طارق کھیتران نے دھاندلی کا الزام عائد کرتے ہوئے ان کی کامیابی کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا تھا۔

عدالت کے فیصلے کی روشنی میں الیکشن کمیشن نے طارق کھیتران کی درخواست منظور کرتے ہوئے شاہ زین بگٹی کی قومی اسمبلی کی رکنیت ختم کردی اور حلقے کے 29 پولنگ اسٹیشنوں پر دوبارہ الیکشن کا حکم دیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔