طالبان سے مذاکرات کا فیصلہ ملک کو آگ اور خون کی ہولی سے بچانے کیلئے کیا، چوہدری نثار

ویب ڈیسک  منگل 10 ستمبر 2013
طالبان سے باقاعدہ مذاکرات کا سلسلہ شروع ہوا تو قوم کو اس سے آگاہ کیا جائے گا، چوہدری نثار علی خان۔ فوٹو: ایکسپریس نیوز

طالبان سے باقاعدہ مذاکرات کا سلسلہ شروع ہوا تو قوم کو اس سے آگاہ کیا جائے گا، چوہدری نثار علی خان۔ فوٹو: ایکسپریس نیوز

اسلام آ باد: وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ آل پارٹیز کانفرنس میں طالبان سے مذاکرات فیصلہ  فوجی آپریشن کا راستہ صاف کرنے کےلئے نہیں کیا بلکہ ملک کو آگ اور خون کی ہولی سے بچانے کے لئے کیا گیا ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے کہاکہ نائن الیون کے بعد پاکستان کی سرزمین اور سرحدوں پر جو آگ اور خون کی ہولی کھیلی جارہی ہے اس میں فورسز کے اہلکاروں سمیت ہزاروں معصوم شہری لقمہ اجل بن چکے ہیں، ہمیں اس پر غور کرنا چاہئے کہ یہ شروع کیوں ہوا اور اس کے اثرات پاکستان اور افغانستان پر ہی کیوں مرتب ہوئے، فاٹا میں ڈکٹیٹر کی جانب سے فوج کو بھیجا گیا تو آگ لگ گئی، وہاں ہتھیار اٹھانے والے لوگ ہمارے اپنے ہی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کو آگ اور خون کی ہولی سے نکالنے لئے ہوم ورک کافی عرصے سے جاری تھا اور اس کا فریم ورک تیار ہے جب باقاعدہ مذاکرات کا سلسلہ شروع ہوا تو قوم کو اس آگاہ کیا جائے گا۔

وفاقی وزیر داخلہ  نے کہاکہ میڈیا سمیت بہت سے دوستوں نے کہاکہ دہشت گردوں سے سختی سے نمٹا جائے،ہماری فوج کا شمار اعلیٰ ترین فورسز میں شمار ہوتا ہے اس لئے دہشت گردوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنا کوئی مشکل بات نہیں مگر ہم نے حکمت عملی اور دانشمندی سے پاکستان کو اس صورتحال سے نکالنا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اے پی سی میں مذاکرات کا جو راستہ اختیار کیا گیا ہے وہ پاکستان کا فیصلہ ہے اس پر کوئی بیرونی دباؤنہیں ہے اور نہ ہی یہ کسی غیر ملکی طاقت کو خوش کرنے کےلئے کیا گیا بلکہ اس لئے کیا گیا کہ اے پی سی میں موجود تمام لوگ یہ سمجھتے تھے کہ اس راستے سے حالات میں بہتری آسکتی ہے۔

کراچی سے متعلق بات کرتے ہوئے چوہدری نثارعلی نے کہا کہ وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد کراچی کےحالات تیزی سے بہتر ہورہے ہیں اور گزشتہ 4 روز کے دوران رینجرز نے کراچی کے مختلف علاقوں میں 74 ٹارگٹڈ آپریشن کرکے 158 جرائم پیشہ افراد کو گرفتار کیا جس میں ٹارگٹ کلرز، بھتہ خور، اور اغوا برائے تاوان میں ملوث ملزمان شامل ہیں جب کہ پولیس نے اب تک 516 افراد کو حراست میں لیا جن میں اسٹریٹ کرائمز کے ملزمان بھی شامل ہیں۔

چوہدری نثار نے آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کرنے والے رہنماوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ سیاست دانوں نے ایک جگہ اکھٹے ہو کر ثابت کردیا کہ وہ پاکستان کے لئے ایک ہیں۔ انہوں نے کہاکہ میں چوہدری شجاعت، ڈاکٹر فاروق ستار، سید خورشید شاہ اور پروفیسر ساجد کا مشکور ہوں کہ انہوں نے اے پی سی کے لئے اپنے غیر ملکی دورے منسوخ کئے جب کہ آفتاب شیر پاو خصوصی طور پر بیرون ملک سے تمام مصروفیات چھوڑ کر کانفرنس میں شریک ہوئے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔