ایف پی سی سی آئی نے ہڑتال ختم کرنے کی اپیل کردی

بزنس رپورٹر  منگل 10 ستمبر 2013
کسٹم ایجنٹس اور بانڈڈ کیریئرز ایف بی آر سے بات چیت کے ذریعے معاملات حل کریں، زبیر ملک  فوٹو: فائل

کسٹم ایجنٹس اور بانڈڈ کیریئرز ایف بی آر سے بات چیت کے ذریعے معاملات حل کریں، زبیر ملک فوٹو: فائل

کراچی:  وفاق ایوان ہائے صنعت و تجارت(ایف پی سی سی آئی) کے صدر زبیر احمد ملک نے کسٹم ایجنٹس اور بانڈڈ کیریئر ایسوسی ایشن سے اپیل کی ہے کہ غیرمعینہ مدت کے لیے کی جانے والی ہڑتال ملکی مفاد میں واپس لیں تاکہ ہڑتال کے سبب معیشت کو پہنچنے والے نقصان سے بچایا جا سکے۔

فیڈریشن ہاؤس کراچی سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق کراچی پورٹ اور پورٹ قاسم سے یومیہ 2000کنسائنمنٹس کی کلیئرنس متاثر ہوگی جس سے ریونیو میں یومیہ 8ارب روپے کے خسارے کا سامنا ہوگا، موجودہ حالات میں ملکی معیشت اس طرح کے نقصانات کے کسی طور متحمل نہیں ہوسکتی، صنعتوں کا پہیہ پہلے ہی توانائی کے بحران کی وجہ سے جام ہے اور برآمدات دباؤ کا شکار ہیں۔ صدر ایف پی سی سی آئی نے کہا کہ ہڑتال سے بندرگاہوں پر اشیا کی کلیئرنس میں تاخیر ہو گی جس کے نتیجہ میں ان پر ڈیمرج لگے گا جس کے نتیجے میں ملک بھر میں درآمدی اشیا کی نقل وحمل متاثر ہوگئی۔

انہوں نے کہا کہ روزمرہ کی بنیاد پر کراچی پورٹ اور بن قاسم پورٹ پر امپورٹ کے 1200 اور ایکسپورٹ کی 800گڈز ڈیکلیریشن کی شپمنٹ اور کلیئرنس متاثر ہو گی جس کے نتیجے میں ریونیو میں تقریباً 8ارب روپے یومیہ کمی آئے گی۔ زبیر احمد ملک نے کہا کہ متعلقہ ایسوسی ایشنز قومی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنے مطالبات ایف بی آر کے ساتھ بات چیت کے ذریعے منوائیں اور اپنے معاملات حل کرائیں۔ واضح رہے کہ گمشدہ کنٹینرز کی ریکوری کے باریٖ میں ایف بی آر نے کسٹم ایجنٹس اور بانڈڈ کیئریئرز کو نوٹس جاری کرنے پر مذکورہ ایسوسی ایشنز نے ہڑتال کی کال دی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔