یاماہا پاکستان میں 15 کروڑ ڈالر سرمایہ کاری کرے گی، محمد زبیر

نمائندہ ایکسپریس  منگل 10 ستمبر 2013
پاکستان خطے میں علاقائی گرڈسسٹم قائم کر کے توانائی بحران حل کر سکتا ہے، پریس کانفرنس فوٹو : فائل

پاکستان خطے میں علاقائی گرڈسسٹم قائم کر کے توانائی بحران حل کر سکتا ہے، پریس کانفرنس فوٹو : فائل

اسلام آ باد: چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ محمد زبیر نے کہا ہے کہ جاپانی موٹر سائیکل ساز کمپنی یاماہا پاکستان میں 15کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گی اور ملک میں موٹرسائیکل بنانے کا جدید پلانٹ لگائے گی۔

منگل کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ جاپانی کمپنی کی طرف سے یہ منصوبہ کراچی میں شروع کیا جائے گا اور دسمبر 2014 سے ملک میں یاماہا موٹر سائیکلوں کی پیدوار شروع ہو جائے گی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ مذکورہ منصوبے پر آئندہ 5سال میں مجموعی طور پر 15 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں مختلف شعبہ جات میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں اور ملکی اور غیرملکی سرمای کاروں کو پرکشش ترغیبات دی جارہی ہیں، سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع سے بھرپور استفادہ کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ کہ گزشتہ چند سال سے توانائی بحران کی وجہ سے کچھ سرمایہ کاروں نے پاکستان سے اپنا بزنس دوسرے ممالک منتقل کیا لیکن اب اقدامات کیے جارہے ہیں اور بہت جلد حالات بہتری کی طرف آجائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت سرمایہ کاری کے لیے ایسی پالیسیاں بنا رہی ہے جس سے غیرملکی سرمایہ کاری ہونے سے ملک میں بیروزگاری میں بھی کمی آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عملی اقدامات پر پختہ یقین رکھتے ہیں، توانائی بحران کے خاتمے، دہشت گردی سے نجات اور معاشی استحکام کے نتیجے میں خوددار، خود مختار اور خوشحال پاکستان کا خواب شرمندہ تعبیر ہوگا، حکومت توانائی بحران کے حل کے لیے اس طرح اگر سنجیدہ کوششیں جاری رکھے گی تو صنعتی پہیہ چلتا رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے کے ممالک کے ساتھ بجلی کا ایک علاقائی گرڈ سسٹم قائم کر کے نہ صرف توانائی بحران کو بہتر طور پر حل کر سکتا ہے بلکہ اس سے بجلی کی قیمت کم ہو گی اور سستی مصنوعات تیار ہونے سے پاکستانی برآمدات کو بھی بہتر ترقی ملے گی، علاقائی ممالک کے ساتھ مضبوط اقتصادی تعلقات کے قیام سے پاکستان میں معاشی خوشحالی آئے گی اور امن کو فروغ ملے گا جبکہ غربت و بیروزگاری میں بھی کمی واقع ہو گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔