سانحہ بلدیہ ٹاؤن کے259شہداکی پہلی برسی آج منائی جائیگی

اسٹاف رپورٹر  بدھ 11 ستمبر 2013
سانحہ بلدیہ کو ایک سال مکمل ہونے پر فیکٹری کے سامنے شہدا کی یاد میں لواحقین شمعیں روشن کرکے دعا مانگ رہے ہیں. فوٹو ایکسپریس

سانحہ بلدیہ کو ایک سال مکمل ہونے پر فیکٹری کے سامنے شہدا کی یاد میں لواحقین شمعیں روشن کرکے دعا مانگ رہے ہیں. فوٹو ایکسپریس

کراچی:  سانحہ بلدیہ ٹاؤن کے 259 شہدا کی پہلی برسی آج (بدھ کو) منائی جائے گی مختلف مقامات پر شہدا کے ایصال و ثواب کیلیے قرآن خوانی کے اجتماعات ہوں گے۔

مزدور تنظیموں اور سول سوسائٹی کے نمائندوں کی جانب سے آرٹس کونسل کراچی میں شام5 بجے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلیے تعزیتی ریفرنس کا اہتمام کیا گیا ہے، مزدور تنظیموں اور سول سوسائٹی کے نمائندوں کی جانب سے پریس کلب سے ریگل چوک تک احتجاجی ریلی بھی نکالی جائے گی۔ منگل کو شہدا کے اہلخانہ اور سول سوسائٹی و مزدور تنظیموں کے نمائندوں نے 259 شہدا کی یاد میں جائے حادثہ پر دیے روشن کیے۔

اس موقع پر غم سے نڈھال متاثرہ خاندانوں کے افراد بچوں اور خواتین کے علاوہ سول سوسائٹی اور مزدور تنظیموں کے نمائندوں نے بھی تقریب میں شرکت کی،سانحے میں شہید ہونے والوں کو بھرپور خراج عقیدت پیش کیا،انھوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ اس سانحے کی رپورٹ جلد ازجلد منظر عام پر لائی جائے اور ذمے داران کو کیفرکردار تک پہنچایا جائے،متاثرہ خاندانوں کی کفالت کیلیے مناسب اقدامات کیے جائیں، واضح رہے کہ ایک سال قبل بلدیہ ٹاؤن میں فیکٹری میں ہونے والی آتشزدگی کے نتیجے میں 259 افراد زندہ جل گئے تھے اور 100سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔