لاہور سے تاوان کے لیے اغوا ہونے والی بچی حافظ آباد سے بازیاب

ویب ڈیسک / عمر یعقوب  پير 8 جولائی 2019
اغواکاروں نے تاوان کی پرچیاں گھر کے قریب سبزی فروش کی دکان پر پھینکی تھیں فوٹو: ایکسپریس

اغواکاروں نے تاوان کی پرچیاں گھر کے قریب سبزی فروش کی دکان پر پھینکی تھیں فوٹو: ایکسپریس

 لاہور: سی آئی اے پولیس نے 50 لاکھ روپے تاوان کےلیے اغوا ہونے والی بچی کو بازیاب کرالیا۔

لاہور کے علاقے شفیق آباد میں امین پارک سے 7 روز قبل 9 سالہ میرب نامی بچی اپنے گھر سے چیز لینے کے لیے قریبی دکان پرگئی تو اسے نامعلوم موٹر سائیکل سوار نے اغوا کرلیا۔

شفیق آباد پولیس نے بچی کے والد وسیم حسن کی مدعیت میں اغوا کی دفعات کےتحت مقدمہ درج کیا اور تفتیش شروع کردی۔ اغوا کی واردات کے دوسرے روز اس کے والد کو اغوا کاروں کی جانب سےتاوان کی پرچی موصول ہوئی۔ جس پر اغواکاروں نےبچی کی زندہ بازیابی کےلیے 50 لاکھ روپے تاوان کا مطالبہ کیاتھا۔

اغوا کی واردات کو 4 روز گزرنے کے بعد مغوی کے ورثا نے آئی جی آفس کے باہر پولیس کے خلاف احتجاج کیا۔ جس پر سی آئی اے کوتوالی کی ٹیم نے سائنسی اور فرانزک طریقے سے تفتیش کرتے ہوئے اغوا کاروں کا سراغ لگایا اور 7 روز بعد مغوی بچی کو حافظ آباد سے بازیاب کروالیا۔

ڈی آئی جی انوسٹی گیشن انعام وحید نے بتایا کہ بچی کواغوا کرنے والے موٹر سائیکل سوارکے حلیے کا دکان کےقریب لگے سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے پتہ چلا۔ گرفتار ملزموں میں ایک کی شناخت مظہرعباس کےنام سےہوئی ہے، مغوی بچی کو اسی ملزم کے قبضے سے بازیاب کرایاگیا۔ ملزموں سے تفتیش جاری ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔