قوم نے سانحہ عباس ٹاؤن کے متاثرین کی مدد کی، گورنرسندھ

اسٹاف رپورٹر  بدھ 11 ستمبر 2013
گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد سانحہ عباس ٹاؤن کے متاثرین کو امدادی چیک دے رہے ہیں ،رکن قومی اسمبلی مزمل قریشی،ڈپٹی اسپیکر شہلا رضا اوررکن صوبائی اسمبلی فیصل سبزواری بھی موجود ہیں ۔ فوٹو : این این آئی

گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد سانحہ عباس ٹاؤن کے متاثرین کو امدادی چیک دے رہے ہیں ،رکن قومی اسمبلی مزمل قریشی،ڈپٹی اسپیکر شہلا رضا اوررکن صوبائی اسمبلی فیصل سبزواری بھی موجود ہیں ۔ فوٹو : این این آئی

کراچی:  سانحہ عباس ٹاؤن کے متاثرین میں امدادی چیکوں کی تقسیم کی تقریب منگل کوگورنر ہاؤس میں منعقد ہوئی ۔

تقریب میں گورنر عشرت العباد خان نے متاثرین میں چیک تقسیم کیے ،گورنر نے کہا کہ جب بھی ملک میں کوئی مشکل پیش آئی یا کوئی واقعہ ، سانحہ رونما ہوا تو پوری قوم اپنے تمام تر اختلافات کو بالا ئے طاق رکھ کر متاثرہ افراد کی مدد اور ان سے اظہار یکجہتی کے لیے اٹھ کھڑی ہوئی ، عباس ٹاؤن کے سانحے کے بعد بھی یکجہتی کا عظیم مظاہرہ دیکھنے میں آیا۔

جب لسانی ، فرقہ وارانہ ، سیاسی وابستگیوں سے بالا تر ہوکر لوگوں نے متاثرین کی بھرپور مدد کی ،حکومت سندھ نے بھی اپنی ذمے داریوں کو سمجھتے ہوئے فوری اقدامات کیے زخمیوں کے علاج معالجے سے لیکر ان کی مکمل بحالی تک اپنی خدمات انجام دیں،اس موقع پر ڈپٹی اسپیکر شہلا رضا ، رکن قومی اسمبلی مزمل قریشی،رکن صوبائی اسمبلی فیصل سبزواری اورکمشنر کراچی شعیب صدیقی سمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔