ایران میں 5.7 شدت کا زلزلہ، جانی نقصان نہیں ہوا

ویب ڈیسک  پير 8 جولائی 2019
امدادی اداروں کی جانب سے متاثرہ علاقوں میں صورتحال کا جائزہ لیا جارہا ہے۔ فوٹو:فائل

امدادی اداروں کی جانب سے متاثرہ علاقوں میں صورتحال کا جائزہ لیا جارہا ہے۔ فوٹو:فائل

تہران: ایران کے صوبہ خوزستان میں شدید زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔

بین الاقوامی خبر ایجنسی کے مطابق خوزستان کے شہر مسجد سلیمان کی زمین زلزلے سے لرز اٹھی۔ امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کی شدت 5.7 ریکارڈ کی گئی اور گہرائی 84 کلومیٹر تھی۔ ایران کا یہ علاقہ تیل سے مالا مال ہے۔

زلزلے کے شدید جھٹکوں کی وجہ سے شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگ دعائیں پڑھتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق قدرتی آفت سے فوری طور پر کسی جانی و مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ امدادی اداروں کی جانب سے متاثرہ علاقوں میں صورتحال کا جائزہ لیا جارہا ہے۔

واضح رہے کہ ایران بڑی جغرافیائی فالٹ لائنز پر واقع ہے اور حالیہ برسوں میں زلزلوں سے اسے شدید نقصان پہنچا ہے۔ 2017 میں ایران میں خوفناک زلزلہ آیا تھا جس سے 630 افراد ہلاک اور 8 ہزار سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔