جونیئر ہاکی ٹیم کی قیادت عمر بھٹہ کو سونپ دی گئی

اسپورٹس رپورٹر  بدھ 11 ستمبر 2013
سلطان آف جوہر کپ کے اسکواڈ میں سینئر پلیئرز علی شان، دلبر، رضوان جونیئر اور توثیق بھی جگہ بنانے میں کامیاب۔ فوٹو: فائل

سلطان آف جوہر کپ کے اسکواڈ میں سینئر پلیئرز علی شان، دلبر، رضوان جونیئر اور توثیق بھی جگہ بنانے میں کامیاب۔ فوٹو: فائل

لاہور: سلطان آف جوہر جونیئر ہاکی کپ کیلیے قومی ٹیم کا اعلان کر دیا گیا، ایشیا کپ میں قومی ٹیم کی نمائندگی کرنے والے عمر بھٹہ کو قیادت سونپ دی گئی۔

دیگر تجربہ کار کھلاڑی علی شان، محمد دلبر، محمد رضوان جونیئر اور محمد توثیق بھی حتمی اسکواڈ میں جگہ بنانے میں کامیاب رہے، چیف کوچ رانا مجاہد علی کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں کا انتخاب میرٹ پر کیا گیا،امید ہے کہ ٹیم ایونٹ میں اچھے نتائج دے گی۔ عمر بھٹہ کے مطابق قومی ٹیم کی قیادت کرنا اعزاز کی بات ہے، مینجمنٹ کے اعتماد پر پورا اترتے ہوئے بہترین نتائج دینے کی کوشش ہو گی۔ تفصیلات کے مطابق 22 سے29 ستمبرتک ملائیشیا کے شہرجوہربارومیں شیڈول سلطان آف جوہر کپ ہاکی ٹورنامنٹ کیلیے ٹیم مینجمنٹ نے حتمی اسکواڈ منتخب کر لیا۔ کھلاڑیوں کا انتخاب چیف کوچ رانا مجاہد علی نے دیگرکوچز انجم سعید اور دانش کلیم کے ہمراہ ایک روزہ ٹرائلز کے بعد کیا۔

منتخب کھلاڑیوں میں مظہر عباس، امین یوسف (گول کیپرز)، محمد خالد، سید کاشف شاہ،محمد فیصل قادر(فل بیکس)، محمد رضوان جونیئر، محمد توثیق، محمد کاشف جاوید،عماد شکیل بٹ اور زوہیب اشرف (ہاف بیکس)، محمد عمیر، محمد عمر بھٹہ (کپتان)، محمد دلبر، علی شان، محمد سلمان، ارسلان قادر، احمد زبیر اور ایوب علی شامل ہیں، ٹیم مینجمنٹ رانا مجاہد علی چیف کوچ و منیجر، دانش کلیم، انجم سعید کوچز، مبشر محسن ٹیم ڈاکٹر، سید ابوذر امرائو وڈیو انالسٹ، محمد فاروق جج اورحافظ عاطف لطیف امپائر پر مشتمل ہے۔

یاد رہے کہ سلطان جوہر کپ میں ملائیشیا سمیت پاکستان، کوریا، بھارت، ارجنٹائن اورانگلینڈ کی ٹیمیں حصہ لیں گی،ایونٹ میں شرکت کیلیے پاکستانی ٹیم19ستمبر کی شب لاہور سے براستہ بنکاک ملائیشیا روانہ ہو گی،اسے افتتاحی میچ 22 ستمبر کو کوریا سے کھیلنا ہے۔

23 تاریخ کو انگلینڈ، 25 کو بھارت، 26 ستمبر کو ملائیشیا اور 28 کو ارجنٹائن سے میچز ہوں گے۔ سنگل لیگ کی بنیاد پرکھیلے جانے والے ایونٹ کی 2 ٹاپ ٹیمیں 29 ستمبر کو فائنل میں مدمقابل ہوں گی۔ دوسری جانب چیف کوچ رانا مجاہد علی نے کہا کہ ہمارا اصل ہدف رواں برس بھارت میں شیڈول جونیئر ورلڈ کپ کی ٹاپ چار ٹیموں میں جگہ بنانا ہے، جوہر کپ سے تیاریوں میں مدد ملے گی۔ نیشنل ہاکی اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کا انتخاب میرٹ پر کیا گیا، امید ہے کہ ٹیم ایونٹ میں اچھے نتائج دے گی۔

جونیئر ورلڈ کپ قریب ہے اس لیے ہر ٹیم بھرپور تیاریوں اور بہترین کھلاڑیوں کے ساتھ ایونٹ میں شرکت کرے گی، حال ہی میں ختم ہونے والے ایشیا کپ میں شریک 8 کھلاڑیوں کو بھارت نے ٹیم میں شامل کیا، اسی طرح کوریا، ملائیشیا اور دیگر سائیڈز بھی اپنے بیشتر سینئرزکے ساتھ میدان میں اتریں گی، ہم نے بھی 5 تجربہ کارکھلاڑیوں کو ٹیم میں شامل کیا ہے۔ کپتان عمر بھٹہ نے کہا کہ قومی ٹیم کی قیادت اعزاز کی بات ہے، ٹیم مینجمنٹ نے مجھ پر جو اعتماد کیا اس پر پورا اترتے ہوئے بہترین نتائج دینے کی کوشش کروں گا۔ نائب کپتان کاشف شاہ نے کہا کہ کوچز کیمپ میں بھرپور ٹریننگ کروا رہے ہیں، خامیوں پر کافی حد تک قابو پا لیا، فاتح بن کر وطن واپس آنا چاہتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔