فشری میں رینجرزسے مقابلہ، لیاری گینگ کااہم کمانڈرماراگیا

اسٹاف رپورٹر  بدھ 11 ستمبر 2013
2افراد گرفتار،شفیع پھٹان فشری میں مچھلی کے تاجروں اورلانچ مالکان سے بھتہ وصول کرتاتھا. فوٹو : فائل

2افراد گرفتار،شفیع پھٹان فشری میں مچھلی کے تاجروں اورلانچ مالکان سے بھتہ وصول کرتاتھا. فوٹو : فائل

کراچی:  فشری میں رینجرزسے مقابلے کے دوران لیاری گینگ وارکااہم کمانڈرماراگیا،رینجرزنے2 افراد کوحراست میں لے لیا،ہلاک ہونے والاملزم فشری میں مچھلی کے تاجروں سے بھتہ وصول کرتاتھا۔تفصیلات کے مطابق ڈاکس کے علاقے فشری کالاپانی کے قریب رینجرزکی فائرنگ سے شفیع پٹھان ہلاک ہو گیا۔

جبکہ رینجرزنے سیف اﷲ سمیت2ملزمان کو حراست میں لے کر تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پرمنتقل کر دیا۔رینجرز ترجمان کے مطابق بھتہ خوروں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر جب رینجرز کی ایک ٹیم نے چھاپہ ماراتو وہاں موجود مسلح افراد نے فائرنگ کر دی جس پررینجرز اہلکاروں نے جوابی فائرنگ کی جس کے نتیجے میں انتہائی مطلوب ملزم شفیع پٹھان مارا گیاجبکہ2 ملزمان کو حراست میں لے کرتفتیش کے لیے نامعلوم منتقل کر دیاگیا،ہلاک ہونے والا ملزم شفیع پٹھان لیاری نیا آباد کارہائشی اور8سالہ بچی کاباپ تھا۔

جس کاآبائی تعلق پشاور سے تھا ، شفیع پٹھان پہلے فشری میں ایک سیاسی جماعت کاعہدیدار تھا تاہم اپنے حالات اچھے بنانے کے لیے اس نے کالعدم لیاری امن کمیٹی میں تاج محمدعرف استاد تاجو گروپ میں شمولیت اختیار کر لی،فشری میں لیاری گینگ وار کمانڈر نو روز خان کی گرفتاری کے بعد تاجو نے اپنے دست راست شاہدمکس پتی کے کہنے پرشفیع پٹھان کو وہاں کا کمانڈر بنا دیا تھا جو فشری میں مچھلی کے تاجروں اور لانچوں کے مالکان سے بھتہ وصول کر کے اپنا طے شدہ کمیشن رکھنے کے بعد تاجو کو دیتا تھا ، شفیع پٹھان کی ہلاکت پر اہلخانہ اور اس کے رشتے داروں نے ماڑی پور روڈ پر دھرنادے کر ٹریفک معطل کرا دیا ، مظاہرین کا کہنا تھا کہ شفیع پٹھان کو رینجرز پکڑ کرایک بند گلی میں لے گئی ۔

جہاں سے فائرنگ کر کے ہلاک کرنے کے بعد لاش وہیں چھوڑ کر فرارہو گئے ، جس وقت اسے پکڑا گیا اس کی جیب میں2 لاکھ روپے سے زائد کی رقم ، 2موبائل فون اورایک لائسنس والا پستول اس کے پاس تھاجو رینجرز کے اہلکار اپنے ساتھ لے گئے ، مظاہرین کا کہنا تھا کہ شفیع پٹھان پر کسی بھی تھانے میں کوئی مقدمہ درج نہیں تھااور اگر اس کا کسی جرم سے تعلق تھاتو رینجرز کے اہلکار اس کی لاش اپنے ساتھ کیوں نہیں لے گئے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔