پاکستان کو آئی ایم ایف سے ایک ارب ڈالر کی قسط آج ملے گی

ویب ڈیسک  منگل 9 جولائی 2019
رواں مالی سال پاکستان کو منظور کردہ قرض میں سے 2 ارب ڈالر ملیں گے۔ فوٹو: فائل

رواں مالی سال پاکستان کو منظور کردہ قرض میں سے 2 ارب ڈالر ملیں گے۔ فوٹو: فائل

 اسلام آباد: پاکستان کو عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی جانب سے منظور کردہ قرض میں سے ایک ارب ڈالرز کی پہلی قسط آج مل جائے گی۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے ذرائع کے مطابق عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی جانب سے منظور کردہ قرض میں سے ایک ارب ڈالرز کی پہلی قسط آج مل جائے گی، قرض کی رقم آج رات پاکستان کے اکاؤنٹ میں منتقل ہوجائے گی۔

واضح رہے کہ عالمی مالیاتی فنڈ کے ایگزیکٹو بورڈ نے رواں ماہ کے اوائل میں پاکستان کو 6 ارب ڈالرز قرض دینے کی منظوری دی تھی۔ آئی ایم ایف یہ رقم 3 سال میں مختلف قسطوں کی صورت میں دے گا اور رواں مالی سال پاکستان کو اس قرض میں سے 2 ارب ڈالر ملیں گے۔

پاکستان کے لیے 6 ارب ڈالر کے قرض پروگرام کے حوالے سے آئی ایم ایف کا کہنا ہے کہ حکومت نے جی ایس ٹی کو ویلیو ایڈڈ ٹیکس کی طرف لے جانے، ٹیکس چھوٹ اور رعایات ختم کرنے، رواں مالی سال میں ٹیکس وصولیاں بڑھا کر 5.5 ٹریلین روپے کرنے اور مالی سال 24-2023 میں ٹیکس وصولیاں ساڑھے 10 ٹریلین کرنے کا وعدہ کیا ہے۔

آئی ایم ایف نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ پاکستانی روپے کے مقابلے میں ڈالر کی موجودہ قدر حقیقت سے قریب تر ہے۔ پاکستان نے جی ایس ٹی کی چھوٹ جلد مکمل ختم کرنے کی یقین دہانی کروائی ہے، جی ایس ٹی کی بین الصوبائی ہارمونائزیشن و کوآرڈنیشن کا میکنزم لایا جائے گا، جی ایس ٹی کی چھوٹ صرف اشیائے خور و نوش اور ادویات تک محدود کردی جائے گی۔

عالمی مالیاتی ادارے کا کہنا ہے کہ حکومت پاکستان نے کم از کم 7 چھوٹے سرکاری اداروں کی جلد نجکاری کا بھی وعدہ کیا ہے، باقی اداروں کی نجکاری کےلئے ستمبر2020 تک روڈ میپ مکمل کرنا ہوگا۔ پاکستان کے کل غیرملکی قرضے میں سے 85 ارب 48 کروڑ 20 لاکھ ڈالر چین کا قرضہ ہے، پاکستان کو آئی ایم ایف پروگرام کے اختتام تک 37 ارب35 کروڑ نوے لاکھ ڈالر کے غیر ملکی قرضے واپس کرنا ہیں ، اس میں سے 14 ارب 68کروڑ20 لاکھ ڈالر چین کو واپس کرنا ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔