عالمی مارکیٹ میں کمی کے باوجود ملک میں سونے کی قیمت میں اضافہ کردیا گیا

ویب ڈیسک  منگل 9 جولائی 2019
دس گرام سونے کی قیمت 300 روپے اضافے کے ساتھ  67730 روپے ہوگئی۔(فوٹو: فائل)

دس گرام سونے کی قیمت 300 روپے اضافے کے ساتھ 67730 روپے ہوگئی۔(فوٹو: فائل)

کراچی: عالمی مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت میں 13 ڈالر کی کمی جب کہ مقامی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 350 روپے کا اضافہ ہوگیا۔ 

ایکسپریس نیوزکے مطابق کاروباری ہفتے کے دوسرے روز اسٹاک ایکسچینج کا اختتام تیزی کے ساتھ ہوا، اور 100 انڈیکس 113 پوائنٹس کے ساتھ 33 ہزار 855 پر پہنچ کر بند ہوا، تاہم ڈالر کی قیمت کو آج بھی بڑھنے سے کوئی نہ روک سکا، انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 5 پیسے کے اضافے سے 157 روپے37 پیسے کی سطح پر پہنچی تو اوپن کرنسی مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قدر 20 پیسے کے اضافے سے157 روپے70 پیسے پر بند ہوئی۔

دوسری جانب عالمی بلین مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں کمی کے باوجود مقامی صرافہ مارکیٹوں میں سونا مزید مہنگا کردیا گیا، عالمی مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 13 ڈالر کم ہوکر 1392 ڈالر کی سطح پر آگئی جب کہ مقامی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ اور دس گرام سونے کی قیمت میں بالترتیب 350 روپے اور 300 روپے اضافہ ہوگیا۔

سونے کی قیمتوں میں اضافے کے بعد  کراچی، حیدرآباد، سکھر، ملتان، لاہور، فیصل آباد، راولپنڈی، اسلام آباد، پشاور اور کوئٹہ کی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت اضافے کے بعد 79 ہزار روپے اور دس گرام سونے کی قیمت بڑھ کر 67 ہزار 730 روپے تک پہنچ گئی۔

 

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔