’اگنی پت‘ کے بعد ’ستے پہ ستہ‘ کے ری میک میں بھی امیتابھ کا کردار ہریتھک کو مل گیا

ویب ڈیسک  بدھ 10 جولائی 2019
’ستے پے ستہ‘ کے سیکوئل میں فرح خان ہدایتکار اور روہت شیٹھی پروڈیوسر کے فرائض انجام دیں گے۔ فوٹو: فائل

’ستے پے ستہ‘ کے سیکوئل میں فرح خان ہدایتکار اور روہت شیٹھی پروڈیوسر کے فرائض انجام دیں گے۔ فوٹو: فائل

 ممبئی: اگنی پت کے ری میک کی بھرپور کامیابی کے بعد اب ہریتھک روشن ’’ستے پہ ستہ‘‘ کے ری میک میں بھی امیتابھ بچن کا کردار نبھائیں گے۔

بالی ووڈ میں جہاں پرانے گانے کو ری میک ورژن کے ساتھ پیش کئے جانے کا ایک نیا رجحان پروان چڑھتا جارہا ہے وہیں اب ماضی کی مشہور ترین فلموں کے سیکوئل بھی ایک نئے انداز کے ساتھ بنانے کی تیاریاں کی جارہی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ 80 کی دہائی کی شہرہ آفاق فلم ’ستے پے ستہ‘ بھی ری میک بنایا جارہا ہے۔

ماضی کی اس مشہور ترین فلم میں امیتابھ بچن اور ہیما مالنی کی اداکاری آج بھی لوگوں کے ذہنوں میں تازہ ہے لیکن اس فلم کی خاص بات یہ ہے کہ اس فلم میں امیتابھ بچن کا کردار ایکشن ہیرو ہریتھیک روشن ادا کریں گے۔

’ستے پے ستہ‘ کے ری میک کو حقیقی فلم کی طرز کا بنانے کے لئے انڈسٹری کی دو بڑی شخصیات ہدایتکارہ فرح خان اور پروڈیوسر روہت شیٹھی یکجا ہوگئے ہیں جوکہ اس فلم کو شائقین کی خواہش کے مطابق بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔

واضح رہے کہ 1982 میں ریلیز ہونے والی فلم ’ستے پے ستہ‘ امیتابھ بچن اور ہیما مالنی نے مرکزی کردار ادا کئے جب کہ اُن کے ساتھ امجد خان، شکتی کپور سمیت دیگر فنکاروں نے اس فلم کو مقبول ترین بنانے میں لا جواب اداکاری کے جوہر دکھائے تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔