ابتدائی مرحلے سے ہی باہر پاکستانی ٹیم کو 20 ملین روپے سے زائد ملنے کا امکان

کامل احسان  جمعرات 11 جولائی 2019
 5 کامیابیاں اور ایک واش آؤٹ میچ کی بنیاد پر گرین شرٹس کو 20 ملین سے زائد رقم ملے گی۔ (فوٹو: انٹرنیٹ)

5 کامیابیاں اور ایک واش آؤٹ میچ کی بنیاد پر گرین شرٹس کو 20 ملین سے زائد رقم ملے گی۔ (فوٹو: انٹرنیٹ)

کراچی: ورلڈ کپ کے ابتدائی مرحلے سے ہی باہر ہونے کے باوجود پاکستان ٹیم کو 20 ملین روپے سے زائد ملنے کا امکان ہے۔

ایونٹ میں مایوس کن آغاز کے بعد گرین شرٹس نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے آخری چاروں میچز لگاتار جیتے تھے، اگرچہ ان کی یہ محنت انھیں سیمی فائنل میں پہنچانے میں ناکافی رہی تاہم پانچویں نمبر پر رہنے کی وجہ سے وہ 20 ملین سے زائد حاصل کرنے کے حقدار بن گئے ہیں۔

ویب سائٹ ’’کرکٹ پاکستان‘‘ کے مطابق ایونٹ کی انعامی رقم کی تقسیم کے حساب سے پہلے راؤنڈ میں شرکٹ پر ہر ٹیم کو 7 ملین روپے جبکہ اس راؤنڈ میں ہر کامیابی پر 2.8 ملین روپے ملنے ہیں، مکمل نہ ہونے والے میچ کے لیے1.4 ملین روپے ملیں گے۔

اس طرح 5 کامیابیاں اور ایک واش آؤٹ میچ کی بنیاد پر گرین شرٹس کو 20 ملین سے زائد رقم ملے گی، ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم کو 280 ملین جبکہ رنر اپ کو 140 ملین روپے دیے جائیں گے، سیمی فائنلسٹ ٹیمیں 55 ملین روپے فی کس وصول کریں گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔