وزیراعظم نے اسلام آباد میں نیا پاکستان ہاؤسنگ منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا

نمائندہ ایکسپریس  جمعرات 11 جولائی 2019
ڈیڑھ سال کے اندر 10 ہزار لوگوں کو گھر دے چکے ہوں گے، عمران خان۔ فوٹو:فائل

ڈیڑھ سال کے اندر 10 ہزار لوگوں کو گھر دے چکے ہوں گے، عمران خان۔ فوٹو:فائل

 اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے اسلام آباد میں نیا پاکستان ہاوسنگ منصوبہ کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔ 

وزیراعظم عمران خان نے اسلام آباد میں نیا پاکستان ہاوسنگ منصوبہ کا سنگ بنیاد رکھ دیا، اسلام آباد کے زون فور میں منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا گیا اس موقع پر خصوصی تقریب منعقد کی گئی۔ منصوبے کے تحت 18 ہزار 500 گھر بنائے جائیں گے۔

نیا پاکستان ہاؤسنگ پراجیکٹ کے  سنگ بنیاد رکھنےکی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں 2 سیکٹر جہاں کچی آبادیاں ہیں وہاں ہاؤسنگ اسکیم شروع کررہےہیں، اس اسکیم میں حکومت پرائیویٹ سیکٹر کے ساتھ مل کر بنا رہی ہے، یہ ساڑھے 18 ہزار گھروں کا پراجیکٹ ہے اور اس میں 10 ہزار گھر ان لوگوں کو ملیں گے جو اپنے پیسے سے گھر نہیں خرید سکتے، ڈیڑھ سال کے اندر ہم لوگوں کو گھر دے چکے ہوں گے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ میراخواب ہے کہ جو اپنا گھر بنانےکا سوچ بھی نہیں سکتےان کو گھر بنانےکاموقع ملے، دیگر ممالک میں بینک گھر بنانے کے لیے قرض دیتے ہیں لیکن پاکستان میں غریب گھر اس لیے نہیں بنا سکتے کہ بینک گھر بنانے کے لیے قرض نہیں دیتے، ہم ایک نیا قانون بھی لارہے ہیں تاکہ لوگ بینک سے قرض لے کر گھر بناسکیں۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔