کراچی اسٹاک مارکیٹ مزید239پوائنٹس کا اضافہ،23000کی حد بھی بحال

بزنس رپورٹر  جمعرات 12 ستمبر 2013
مارکیٹس سرمائے میں44 ارب84 کروڑروپے کا اضافہ ہوا جبکہ 26 کروڑ97 لاکھ حصص کے سودے ہوئے۔ فوٹو: پی پی آئی/فائل

مارکیٹس سرمائے میں44 ارب84 کروڑروپے کا اضافہ ہوا جبکہ 26 کروڑ97 لاکھ حصص کے سودے ہوئے۔ فوٹو: پی پی آئی/فائل

کراچی:  کراچی اسٹاک ایکس چینج میں بدھ کو اتارچڑھاؤ کے بعد تیزی کا تسلسل قائم رہا جس سے انڈیکس کی 23000، 23100 اور 23200 کی 3حدیں بحال ہوگئیں۔

تیزی کے سبب 62.71 فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں جبکہ حصص کی مالیت میں مزید44 ارب84 کروڑ 65 لاکھ 12 ہزار797 روپے کا اضافہ ہوگیا۔ ماہرین اسٹاک کا کہنا تھا کہ بدھ کو شہر میں ہڑتال اور جلاؤگھیراؤ کے واقعات کے باعث اسٹاک مارکیٹ میں بھی ابتدائی اوقات میں اتار چڑھاؤ کا سلسلہ جاری رہا تاہم بعد دوپہر شہر کے حالات سنبھلتے ہی مارکیٹ میں تیزی کا رحجان غالب ہوگیا، ٹریڈنگ کے دوران میوچل فنڈز، این بی ایف سیز، انفرادی سرمایہ کاروں اور دیگر آرگنائزیشنز کی جانب سے 90 لاکھ23 ہزار232 ڈالر کا انخلا کیا گیا۔

جس سے ایک موقع پر42.74 پوائنٹس کی مندی بھی ہوئی لیکن غیرملکیوں کی جانب سے32 لاکھ41 ہزار66 ڈالر، مقامی کمپنیوں2 لاکھ49 ہزار292 ڈالراور بینکوں ومالیاتی اداروں کی55 لاکھ32 ہزار873 ڈالر کی سرمایہ کاری سے مندی کے اثرات زائل ہوئے،کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100 انڈیکس 239.51 پوائنٹس بڑھ کر23231.68 ہوگیا ۔

جبکہ کے ایم آئی30 انڈیکس619.99 پوائنٹس کے اضافے سے40291.13 ہوگیا، کاروباری حجم 1.77 فیصد زائد رہا،26 کروڑ97 لاکھ33 ہزار250 حصص کے سودے ہوئے، کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ354 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا جن میں222 کے بھاؤ میں اضافہ، 105 کے داموں میں کمی اور27 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔