سونے کی قیمت نے ملکی تاریخ کا نیا ریکارڈ قائم کردیا

ویب ڈیسک  جمعرات 11 جولائی 2019
دس گرام سونےکی قیمت 1458روپے بڑھ کر 70302 روپے ہوگئی ہے. فوٹو:فائل

دس گرام سونےکی قیمت 1458روپے بڑھ کر 70302 روپے ہوگئی ہے. فوٹو:فائل

کراچی: سونے کی فی تولہ قیمت 1700 روپے اضافے کے بعد 82 ہزار روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق روپے کی بے قدری اور ڈالر کی اونچی اڑان بدستور جاری ہے، جمعرات کے روز انٹر بینک میں ڈالر کی قیمت میں 60 پیسے کا اضافہ ہوا اور انٹر مارکیٹ میں ڈالر بڑھ کر 158 روپے 48 پیسے پر بند ہوا جب کہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر نے نیا ریکارڈ قائم کیا اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر 1.20 روپے مہنگا ہوکر 159.70روپے پر بند ہوا۔

دوسری جانب ڈالر کی بڑھتی قیمت کا اثر ملکی صرافہ مارکیٹوں میں بھی نظر آیا اور ایک ہی دن میں سونے کی فی تولہ اور 10 گرام سونے کی قیمتوں میں بالترتیب 1700 روپے اور 1458 روپے کا اضافہ ہوگیا جب کہ عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی فی اونس قیمت میں یک دم 24 ڈالر کا اضافہ ہوگیا اور عالمی بلین مارکیٹ میں سونے کی فی اونس قیمت بڑھ کر 1420 ڈالر ہوگئی۔

ڈالر کی اونچی اڑان اور عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت بڑھنے کے بعد ملکی صرافہ مارکیٹوں میں بھی سونے کی نئی قیمت نے نیا ریکارڈ قائم کردیا اور سونے کی فی تولہ قیمت بڑھ کر 82 ہزار روپے جب کہ 10 گرام سونے کی قیمت 70 ہزار 302 روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔