یونس خان نے ٹیسٹ میں 7 ہزار رنز کا سنگ میل عبور کرلیا

اسپورٹس ڈیسک  جمعرات 12 ستمبر 2013
دوسرا ٹیسٹ: پاکستانی بیٹسمین یونس خان کا اسکوائر لیگ کی جانب شاٹ، زمبابوے کیخلاف ففٹی بناکر انھوں نے کیریئر کے 7 ہزار رنز بھی مکمل کرلیے۔ فوٹو: اے ایف پی

دوسرا ٹیسٹ: پاکستانی بیٹسمین یونس خان کا اسکوائر لیگ کی جانب شاٹ، زمبابوے کیخلاف ففٹی بناکر انھوں نے کیریئر کے 7 ہزار رنز بھی مکمل کرلیے۔ فوٹو: اے ایف پی

ہرارے: مڈل آرڈر بیٹسمین یونس خان 7 ہزار ٹیسٹ رنز مکمل کرنے والے پاکستان کے چوتھے بیٹسمین بن گئے۔

انھوں نے یہ سنگ میل زمبابوے کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں برائن ویٹوری کو تھرڈ مین کی جانب چوکا جڑ کر عبور کیا، اس سے ایک اوور قبل یونس خان نے آسٹریلیا کے عظیم بیٹسمین ڈان بریڈ مین کو بھی پیچھے چھوڑا جنھوں نے اپنے کیریئر میں 6996 رنز بنائے تھے۔ پاکستان کی جانب سے جاوید میانداد نے سب سے زیادہ 8832 رنز اسکور کیے، انھوں نے 124 میچز میں یہ 52.57 کی اوسط سے اسکور کیے۔

دوسرے نمبر پر انضمام الحق نے 119 میچز میں 50.16 کی ایوریج سے 8829 رنز بنائے، محمد یوسف نے 90 ٹیسٹ میچز میں 52.29 کی اوسط سے 7530 رنز اسکور کیے۔ یونس خان اپنے جاری 84 ویں ٹیسٹ میں اب تک 7004 رنز 52.26 کی ایوریج سے بناچکے ہیں۔ اس فہرست میں سلیم ملک کا پانچواں نمبر ہے جنھوں نے 103 میچز میں 5768 رنز بنائے جبکہ چھٹے نمبر پر موجود ظہیر عباس نے 78 میچز میں 5062 رنز اسکور کیے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔