سانحہ بلدیہ ٹاؤن میں جاں بحق افراد کی برسی منائی گئی، متاثرین زارو قطار روتے رہے

اسٹاف رپورٹر  جمعرات 12 ستمبر 2013
نیشنل ٹریڈ یونین فیڈریشن کی جانب سے سانحہ بلدیہ کے محنت کشوںکی یاد میں ریلی نکالی جارہی ہے ۔ فوٹو : ایکسپریس

نیشنل ٹریڈ یونین فیڈریشن کی جانب سے سانحہ بلدیہ کے محنت کشوںکی یاد میں ریلی نکالی جارہی ہے ۔ فوٹو : ایکسپریس

کراچی:  سانحہ بلدیہ ٹاؤن میں جاں بحق ہونے والوں کی برسی بدھ کو منائی گئی ۔

سانحہ بلدیہ ٹاؤن میں جاں بحق ہونے والے 257مزدوروں کے ایصال ثو اب کے لیے مرکزی اجتماعات بلدیہ ٹاؤن نمبر 3اور جائے حادثہ علی انٹرپرائززحب ریور روڈ پر منعقد ہوئے جس میں مختلف سیاسی ،مذہبی جماعتوں ،مزدور تنظیموں کے رہنماؤں ،سول سوسائٹی ،جاں بحق افرادکے اہل خانہ اور اہل علاقہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی ،مرکزی اجتماعات میں رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے ،جاں بحق افراد کے اہل خانہ اپنے پیاروں کے غم میں رو رہے تھے ، اجتماعات میں قرآن و فاتحہ خوانی کی گئی ،جائے حادثہ پر ہونے والے اجتماع میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شمعیں جلائیں اور پھول رکھے۔

اجتماعات میں سانحہ بلدیہ ٹاؤن میں جاں بحق ہونے والے افراد کو خراج عقیدت پیش کیا گیا ،دوسری جانب نیشنل ٹریڈ یونین فیڈریشن پاکستان کے تحت سانحہ بلدیہ ٹاؤن میں جاں بحق ہونے والے افراد سے اظہار یکجہتی کے لیے ایک ریلی کراچی پریس کلب سے ریگل چوک تک نکالی گئی ،ریلی کی قیادت مزدور رہنماؤں محمد رفیق بلوچ ،غنی زمان اعوان ،ناصر منصور ،جلیل شاہ ،حمید میاں ،منظور رضی ،مقدرزمان اور دیگر نے کی ، ریلی کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے مزدور تنظیموں کے رہنماؤں نے کہا کہ حکومت فوری طور پر اس سانحے میں متاثرہ خاندانوں کی کفالت کے لیے طویل المدت منصوبے کا آغاز کرے۔

جائے حادثہ پر مزدوروں کی یادگار تعمیر کی جائے ،انھوں نے مطالبہ کیا کہ تمام فیکٹریوں میں صنعتی صحت و تحفظ کے مقامی قوانین اور عالمی معاہدوں پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے ،مزدوروں کی تنخواہیں مہنگائی کے تناسب سے بڑھائی جائیں ،انھوں نے مطالبہ کیا کہ اس سانحے کی تحقیقاتی رپورٹ منظر عام پر لائی جائے اور اس میں ملوث عناصر کو قرار واقعی سزا دی جائے ،مزدور تنظیموں کے رہنماؤں نے سانحے میں جاں بحق ہونے والے افراد کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ مزدوروں کے حقوق کے لیے جدوجہد جاری رکھی جائے گی ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔