رنگانا ہیراتھ سری لنکن کرکٹر آف دی ایئر کا ایوارڈ لے اڑے

اسپورٹس ڈیسک  جمعرات 12 ستمبر 2013
بہترین بولر کا اعزاز بھی ملا، کمار سنگاکارا نے بیسٹ ٹیسٹ بیٹسمین کی ٹرافی پائی۔   فوٹو: اے ایف پی/فائل

بہترین بولر کا اعزاز بھی ملا، کمار سنگاکارا نے بیسٹ ٹیسٹ بیٹسمین کی ٹرافی پائی۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

کولمبو: رنگانا ہیراتھ سری لنکن کرکٹر آف دی ایئرکا ایوارڈ لے اڑے، اسپنر کو ٹیسٹ کے بہترین بولر کا اعزاز بھی ملا۔

سابق کپتان سنگاکارا نے ٹیسٹ کرکٹ کے بہترین بیٹسمین کی ٹرافی پائی، انھیں پیپلز پلیئر ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔ تفصیلات کے مطابق سری لنکا کرکٹ کی سالانہ ایوارڈز تقریب گذشتہ شب منعقد ہوئی، اسپنر رنگانا ہیراتھ کوکرکٹر آف دی ایئر اعزاز سے نوازا گیا، انھوں نے اس کے لیے گذشتہ سال کے بہترین پلیئر اور موجودہ آئی سی سی کرکٹر آف دی ایئر سنگاکارا کو مات دی، کونسل کا پیپلز چوائس ایوارڈ بھی اس وقت سنگاکارا کے ہی قبضے میں ہے، انھیں بہترین ٹیسٹ بیٹسمین کے ایوارڈ کا مستحق قرار دیا گیا جبکہ پیپلز ایوارڈ بھی انہی کے حصے میں آیا، ٹیسٹ کے بہترین بولر کا اعزاز ہیراتھ کو ملا، انھوں نے زیر جائزہ مدت کے دوران 22.13 کی اوسط سے46 ٹیسٹ وکٹیں اپنے نام کیں، وہ 2012 میں دنیا بھر میں ٹاپ بولر رہے۔

ہیراتھ سری لنکا کے تیسرے بولر ہیں جنھوں نے ٹیسٹ وکٹوں کی ڈبل سنچری مکمل کی، وہ اس سنگ میل تک مارچ میں بنگلہ دیش سے سیریز کے دوران پہنچے تھے۔ دوسری جانب سنگاکارا نے رواں برس صرف 2 ٹیسٹ میچز کھیلے اور 441 رنز اسکور کیے، چار اننگز میں اسٹار بیٹسمین نے تین سنچریاں اسکور کی تھیں۔ دلشان نے بہترین ون ڈے بیٹسمین کا ایوارڈ جیتا جبکہ اس طرز میں لسیتھ مالنگا کو بہترین بولر قرار دیا گیا، انجیلو میتھیوز نے سال کے بہترین آل راؤنڈر کا اعزاز حاصل کیا، مسلسل دوسرے سال ایمرجنگ پلیئر کا ایوارڈ دنیش چندیمل کے نام رہا۔

کپتان ششی کلاسری وردنے نے بہترین ویمن کرکٹر آف دی ایئر کا ایوارڈ جیتا، انھیں سال کی بہترین آل راؤنڈر بھی قرار دیا گیا، دیپیکا راسنگیکا  بہترین بیٹسویمن اور چمانی سینیویرتنا بہترین ون ڈے بولر کے ایوارڈ پر قابض ہوئیں، یاد رہے کہ سری لنکن ویمنز ٹیم نے فروری میں منعقدہ ورلڈ کپ میں انگلینڈ کو ایک وکٹ سے اپ سیٹ شکست دی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔