فٹبال ورلڈ کپ؛ 5 ممالک کو شرکت کا پروانہ مل گیا

اسپورٹس ڈیسک / اے ایف پی  جمعرات 12 ستمبر 2013
اٹلی، نیدرلینڈز، ارجنٹائن، کوسٹاریکا اور امریکا شامل، جرمنی ، سوئٹزرلینڈ اور روس بھی کوالیفائی کرنے کے قریب، ابراہمووچ نے101 برسوں کا تیزترین گول داغا۔ فوٹو: فائل

اٹلی، نیدرلینڈز، ارجنٹائن، کوسٹاریکا اور امریکا شامل، جرمنی ، سوئٹزرلینڈ اور روس بھی کوالیفائی کرنے کے قریب، ابراہمووچ نے101 برسوں کا تیزترین گول داغا۔ فوٹو: فائل

لندن: اٹلی، نیدرلینڈز، ارجنٹائن، کوسٹاریکا اور امریکا کو آئندہ برس برازیل میں شیڈول فیفا ورلڈ کپ میں شرکت کا پروانہ مل گیا۔

ان 5 ممالک کے کوالیفائی کرنے سے میگا ایونٹ میں پہنچنے والی ٹیموں کی تعداد 9 ہوگئی، جاپان، ایران، آسٹریلیا اور جنوبی کوریا نے ایشیا سے جگہ بنائی جبکہ برازیل بطور میزبان کھیلنے کا استحقاق رکھتا ہے، کوالیفائنگ میچز کے نتائج کی روشنی میں جرمنی ، سوئٹزرلینڈ اور روس بھی فائنلز میں پہنچنے کے قریب ہوگئے،انگلینڈ، آئس لینڈ اور بوسنیا کے بھی  امکانات روشن ہیں، قازقستان کیخلاف سوئیڈش اسٹرائیکر زلاٹن ابراہمووچ نے 101 برسوں کا تیزترین گول داغ دیا، انھوں نے کھیل کے 27ویں سیکنڈز میں گیند کو جال کی راہ دکھائی۔

تفصیلات کے مطابق ورلڈ کپ 2006 کا چیمپئن اٹلی اور نیدرلینڈز یورپ سے آئندہ برس برازیل میں شیڈول میگا ایونٹ میں جگہ بنانے والے2 ابتدائی ممالک بن گئے، کوالیفائنگ میچز میں ڈچ ٹیم نے آندورا کیخلاف 2-0 سے کامیابی پائی، اس فتح نے اسے گروپ ’ڈی‘ کی فاتح ٹیم بھی بنا دیا۔

دونوں گول اسٹار اسٹرائیکر روبن وان پیرسی نے اسکور کیے، 2010 کے رنراپ نیدرلینڈز کو حریف پر برتری پانے کیلیے 49 منٹ تک انتظار کرنا پڑا جب وان پیرسی نے گیند کو جال کی راہ دکھائی، دوسری مرتبہ بھی انھوں نے ہی گول کیا جب حریف گول کیپر کی غلطی کا انھیں فائدہ ملا، نیدرلینڈز نے آئندہ برس شیڈول 10ویں ورلڈکپ میں رسائی حاصل کرلی۔ ٹورین میں سابق چیمپئن اطالوی سائیڈ نے خسارے میں جانے کے باوجود جمہوریہ چیک کو 2-1 سے پچھاڑ کر گروپ ’بی‘ کی ٹاپ سائیڈ بننے کا اعزاز پایا، اٹلی ان 13 ممالک میں سے ایک ہے جس نے برازیل میں منعقدہ ورلڈ کپ 1950 میں بھی شرکت کی تھی، اب وہ آئندہ برس شیڈول ایونٹ کی 32 ٹیموں میں بھی جگہ بنانے میں کامیاب ہوچکا، لیبور کوزیک نے کھیل کے 19ویں منٹ میں حیران کن طور پر جمہوریہ چیک کو برتری دلادی، جس کا خاتمہ 51ویں منٹ میں جیورجیو چیلینی نے کیا۔

3 منٹ بعد ماریو بالوٹیلی نے پنالٹی شوٹ پر گیند کو جال میں پہنچادیا، کامیابی کی صورت میں ملنے والے تین پوائنٹس نے اٹلی کو گروپ ’بی‘ میں سرفہرست بنا دیا۔ جرمنی نے فاروئے آئی لینڈ کیخلاف 3-0 سے کامیابی کی بدولت اپنے برازیل جانے کا امکان روشن کرلیا، وہ اگر آئندہ ماہ ہوم گراؤنڈ پر آئرلینڈ کو مات دے تو برازیل جانے کا پروانہ عطا ہوجائے گا، دوسری جانب گروپ ’سی‘ میں موجود سوئیڈن نے قازقستان کو 1-0 سے ہراکر جرمنی کی ٹاپ پوزیشن کو خطرے میں ڈال دیا، فیصلہ کن گول زلاٹن ابراہمووچ نے27ویں سیکنڈ میں بنایا، اسے 101 برسوں میں فٹبال کا تیزترین گول قرار دیاگیا ہے۔

گروپ ’ ای‘میں سوئٹزرلینڈ نے اوسلو میں میزبان ناروے کو2-0 سے قابو کرلیا،اسے گروپ میں دوسرے نمبر پر موجود آئس لینڈ پر 5 پوائنٹس کی واضح برتری حاصل ہے،البتہ2 اختتامی میچز کے غیر متوقع نتائج مشکل کا شکارکرسکتے ہیں، روس نے اسرائیل کو 3-1 سے کچل کر گروپ ’ایف‘ میں ٹاپ پوزیشن پالی ، پرتگال ایک پوائنٹ کے فرق سے دوسرے نمبر پر ہے، فرانس نے بیلاروس کو 4-2 سے مات دے کر پانچ میچز میں گول نہ کرنے کا جمود توڑ دیا، اگرچہ بیلاروسی ٹیم نے2 مرتبہ میچ میں واپسی کی کوشش کی لیکن سمیر ناصری کا گول فرانس کی جیت میں فیصلہ کن ثابت ہوا۔

انگلینڈ نے یوکرین سے بغیر کسی گول کے برابر ہونے والے مقابلے کے باوجود گروپ ’ایچ‘ میں ٹاپ پوزیشن برقرار رکھی، ٹیم اب اپنے بقیہ 2 میچز ویمبلے میں مونٹی نیگرو اور پولینڈ کیخلاف کھیلے گی، گروپ کے دوسرے مقابلے میں سان مارینو کو پولینڈ نے5-1 سے شکست دیدی، ناکام ٹیم اپنی مہم میں پہلا گول اسکور کرنے میں کامیاب ہوئی، اس کیخلاف اب تک حریف ٹیموں نے 43 گول داغے ہیں۔دوسری جانب ساؤتھ امریکن زون (کونمیبول ) سے ارجنٹائن نے میگا ایونٹ میں رسائی پالی، اس نے پیراگوئے کو 5-2 سے مات دی، میسی نے 2 گول پنالٹی شوٹس پر اسکور کیے جبکہ 1،1 گول اگیورو ، ماریا اور روڈریگوئز کے نام رہا، دیگر میچز میں یوروگوئے نے کولمبیا کو 2-0 سے زیر کیا، وینزویلا نے پیرو پر 3-2 سے غلبہ پایا جبکہ بولیویا اور ایکواڈور کا مقابلہ1-1 سے برابر رہا۔کونکاکیف سے امریکا اور کوسٹا ریکا نے کوالیفائی کرلیا، امریکی ٹیم نے میکسیکو کو 2-0 سے ہراکر گروپ میں ٹاپ پوزیشن پائی،کوسٹاریکا نے جمیکا کیخلاف 1-1 سے ڈرا مقابلے کی بدولت دوسری پوزیشن یقینی بنالی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔