فوج پر کیمیائی ہتھیار استعمال کرنے کا ثبوت نہیں ملا، اقوام متحدہ کی رپورٹ

اے ایف پی / مانیٹرنگ ڈیسک / خبر ایجنسیاں  جمعرات 12 ستمبر 2013
روس کا مزید3 جنگی بیڑے بھیجنے کا فیصلہ، فرانس نے سلامتی کونسل میں کیمیائی ہتھیار تلف کرنے کی قرارداد پیش کر دی، کارروائی نہ کی تو ایران کو امریکا کے کمزور ہونے کا پیغام جائیگا، جان کیری فوٹو: اے ایف پی

روس کا مزید3 جنگی بیڑے بھیجنے کا فیصلہ، فرانس نے سلامتی کونسل میں کیمیائی ہتھیار تلف کرنے کی قرارداد پیش کر دی، کارروائی نہ کی تو ایران کو امریکا کے کمزور ہونے کا پیغام جائیگا، جان کیری فوٹو: اے ایف پی

دمشق / ماسکو / پیرس: شام میں انسانی حقوق سے متعلق اقوام متحدہ نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ شام میں تمام فریق جنگی جرائم اور انسانیت کیخلاف جرائم کے مرتکب ہیں۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ بڑے پیمانے پر تشدد اور جنسی استحصال کے واقعات پیش آ رہے ہیں، حکومتی افواج نے کلسٹر بموں کا بہت استعمال کیا جبکہ باغی افواج شام کے لوگوں پر الزام عائد کرتے ہی انہیں صفائی کا موقع دیے بغیر ان کو قتل کر رہی ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ شامی فورسز پر کیمیائی ہتھیار استعمال کرنے کا الزام اب تک ثابت نہیں ہوا ہے، شام کے باغی اور غیرملکی جنگجو جنگی جرائم میں ملوث ہیں۔ رپورٹ کے مطابق غیرملکی جنگجو، شہری علاقوں میں قتل، اغوا اور دیگرجرائم میں ملوث ہیں۔ روسی وزارت دفاع نے کہا ہے کہ جنگ کے امکانات کم ہونے کے باوجود روس نے مزید 3 جنگی بحری بیڑے بحیرہ روم بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔ تینوں جنگی بیڑے چند روز تک بحیرہ روم میں شامی سرحد کے قریب پہنچ جائیں گے جہاں پر پہلے ہی طیارہ بردار بحری بیڑوں کا قافلہ موجود ہے۔

ادھر فرانس نے عجلت میں سلامتی کونسل میں شام کے کیمیائی ہتھیار تلف کرنیکی قرارداد پیش کر دی، کیمیائی ہتھیار تلف کرنے کی قرارداد کے متن کے مطابق شام کو 15دنوں میں تمام کیمیائی ہتھیاروں کے بارے میں اعلان کرنا ہوگا، اگر وہ کیمیائی ہتھیاروں کے بارے میں درست اقدام کرنے سے باز رہا تو اس کے خلاف مزید ضروری اقدامات کئے جائیں گے، شام کو اپنے کیمیائی ہتھیاروں کی تنصیبات، آلات، ریکارڈز اور متعلقہ افراد تک اقوام متحدہ کے انسپکٹرز کو رسائی دینی ہوگی، اقوام متحدہ کے انسپکٹرز سے فوری معائنہ کرانا ہوگا۔ امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے کانگریس کی آرمڈ سروسز کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے کہاکہ شام کیخلاف فوجی کارروائی نہ ہوئی تو ایران سمجھے گا امریکہ کمزور ہو گیا ہے، امریکہ شام کے خلاف جنگ نہیں بلکہ محدود کارروائی چاہتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔